جموں/۰۲ستمبر
کانگریس لیڈر راہل گاندھی 25 ستمبر کو جموں و کشمیر میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد سے ملاقات کریں گے جو جموں و کشمیر میں درپیش چیلنجوں پر کھلی بات چیت کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا اور قومی سطح پر ان کی آواز کو سننے کا موقع فراہم کرے گا۔
آل انڈیا پروفیشنل کانگریس (اے آئی پی سی) کی جموں و کشمیر اکائی کے سربراہ‘ سنجے سپرو نے کہا کہ ’ڈوگری دھام‘ کے عنوان سے یہ میٹنگ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں لوک سبھا کی انتخابی مہم کے دوران ہوگی۔
راہل گاندھی سرینگر میں پیشہ ورانہ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ ان برادریوں کو درپیش مسائل کو بہتر طور پر سمجھا جاسکے۔
سپرو نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم جموں و کشمیر کے پیشہ ور افراد کی 25 ستمبر کو جموں میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ منعقد کر رہے ہیں۔
آل انڈیا پروفیشنل کانگریس کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تقریب پیشہ ور افراد کے لئے خطے میں اہم چیلنجوں کے بارے میں ایک کھلے مکالمے میں مشغول ہونے کا ایک اہم موقع ہے، جو قومی سطح پر ان کے خدشات کو اٹھانے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
سپرو نے مزید کہا”پہلی بار، اے آئی پی سی جیسا سیاسی پلیٹ فارم پیشہ ور افراد کو اپنے خدشات، امنگوں اور خیالات کو براہ راست شیئر کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے“۔
ان کاکہنا تھا کہ راہل کی شمولیت جموں کشمیر کے مستقبل کی تشکیل میں پیشہ ور برادری کی اہمیت کے بڑھتے ہوئے اعتراف کو ظاہر کرتی ہے۔
آل انڈیا پروفیشنل کانگریس کے سربراہ نے کہا کہ پیشہ ور افراد کو ممکنہ حل پر تعاون کرتے ہوئے معاشی ترقی، روزگار کے مواقع، صنعت سے متعلق چیلنجز اور جدت طرازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پیشہ ور افراد کو اس اہم بات چیت میں شامل ہونے اور جموں و کشمیر کے مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنے کی دعوت دی ہے۔
سپرو نے کہا کہ جموں پروگرام کے بعد کشمیر میں بھی اسی طرح کا اجتماع منعقد کیا جائے گا اور تاریخ کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
راہل سرینگر اور جموں میں کانگریس امیدواروں کے لئے انتخابی مہم بھی چلائیں گے اور اگلے چند دنوں میں جڑواں شہروں میں عوامی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
پارٹی کے ایک رہنما نے بتایا کہ 23 ستمبر کو راہل گاندھی جموںکشمیر کانگریس یونٹ کے صدر اور سابق وزیر طارق حامد قررہ کی حمایت میں سرینگر کے شالٹنگ حلقہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے اور جموں و کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران پونچھ ضلع کے سورن کوٹ حلقہ میں ایک اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
توقع ہے کہ وہ 25 ستمبر کو جموں میں ایک عوامی ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔
اس ماہ کے اوائل میں راہل گاندھی نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز 4 ستمبر کو رام بن ضلع کے گول علاقے اور اننت ناگ ضلع کے ڈورو علاقے میں دو عوامی ریلیوں سے کیا تھا۔
یہ ریلیاں جموں و کشمیر کانگریس کے سابق صدر وکر رسول وانی اور اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری اور سابق وزیر جی اے میر کی حمایت میں منعقد کی گئیں۔
مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اسمبلی انتخابات دس سال کے وقفے کے بعد ہو رہے ہیں۔