نئی دہلی// دہلی کے پی ڈبلیو ڈی وزیر منیش سسودیا نے کہا کہ کیجریوال حکومت نے شہر کی سڑکوں سے بھیڑ بھاڑ کم کرنے اور مسافروں کو بہتر سفر فراہم کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھتے ہوئے بدھ کو راجہ گارڈن فلائی اوور کی تزئین وآرائش کی منظوری دے دی۔
نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اس سلسلے میں 1.87 کروڑ روپے کے پروجیکٹ کام کو منظوری دی۔ فلائی اوور کی تزئین وآرائش کے بعد یہاں سے روزانہ گزرنے والے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے اور ان کا وقت بھی بچ جائے گا۔ مسٹر سسودیا نے کہا کہ کیجریوال حکومت دہلی میں ٹریفک کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ ہماری توجہ دہلی کی سڑکوں پر سے بھیڑ بھاڑ کم کرنا، ان کو بہتر بنانا اور لوگوں کو سڑک کے استعمال کا بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے۔
راجہ گارڈن فلائی اوور کی ری کارپیٹنگ کے کام کے لیے 1.87 کروڑ کے پروجیکٹ کام کو منظوری دی گئی ہے۔ اس میں سڑک میں موجود دراڑوں کو ہٹانا، اسٹون میٹرکس اسفالٹ (ایس ایم اے) کے ساتھ دوبارہ کارپیٹنگ اور تھرمو پلاسٹک پینٹ کے ساتھ روڈ مارکنگ شامل ہے۔ اس سلسلے میں مسٹر سیسودیا نے پی ڈبلیو ڈی انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ کیجریوال حکومت دہلی کے لوگوں کو محفوظ، ہموار اور خوبصورت سڑکیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت کا وژن عالمی معیار کی سڑکیں فراہم کرکے اپنے شہریوں کو سفر کا بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے۔ اسی وجہ سے پی ڈبلیو ڈی دہلی اپنی سڑکوں کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے تاکہ دہلی کی سڑکیں مسافروں کی نقل و حرکت کے لیے زیادہ محفوظ بن سکیں۔