نئی دہلی// عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی دلیپ پانڈے نے کہا ہے کہ اگر سواتی مالیوال میں ذرا بھی شرم ہے تو انہیں راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔
مسٹر پانڈے نے آج کہا کہ سواتی مالیوال ایک ایسی شخصیت ہیں جو راجیہ سبھا جانے کے لیے عام آدمی پارٹی سے ٹکٹ لیتی ہیں، لیکن ردعمل ظاہر کرنے اور بولنے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے اسکرپٹ لیتی ہیں۔ اگر انہیں تھوڑی سی بھی شرم ہے تو وہ عام آدمی پارٹی سے راجیہ سبھا کی رکینت چھوڑ دیں۔
آپ کے لیڈر نے کہا کہ انہیں راجیہ سبھا کے رکن کے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہئے اور اب بی جے پی کے ٹکٹ پر راجیہ سبھا جانے کا راستہ چننا چاہئے ۔ اگر وہ راجیہ سبھا میں رہنے میں دلچسپی رکھتی ہیں تو انہیں بی جے پی سے راجیہ سبھا کا ٹکٹ لینا چاہئے ۔
خیال ر ہے کہ عام آدمی پارٹی کی راجیہ سبھا رکن سواتی مالیوال نے محترمی آتشی کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ایسی خاتون کو دہلی کا وزیر اعلیٰ بنایا جا رہا ہے جس کے خاندان نے دہشت گرد افضل گرو کو پھانسی سے بچانے کے لیے طویل جنگ لڑی تھی۔