سرینگر/۱۴ستمبر
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے چک تاپر علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان انکاﺅنٹر میں تین عدم شناخت ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق بارہمولہ کے چک تاپر کریری کے تلہ وانی محلے میں جمعہ کی رات دیر گئے سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم چھڑ گیا تھا جب ملی ٹنٹوں کے چھپنے کے متعلق موصولہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
ذرائع نے کہا کہ اس انکاﺅنٹر کے دوران تین ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے ہیں جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی فی الوقت معلوم نہیں ہوئی ہے ۔
تاہم ذرائع کے مطابق ہلاک شدہ ملی ٹنٹ غیر ملکی ہونے کا شبہ ہے ۔