سرینگر/۱۳ستمبر
جموں کشمیر کے کشتواڑ میں ملی ٹنٹوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران چار فوجی زخمی ہوگئے۔
فوج نے ایک بیان میں کہا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ کشتواڑ کے چھاترو میں ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔ساڈھے تین بجے ملی ٹنٹوں سے رابطہ قائم کیا گیا۔ فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے چار اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ آپریشن جاری ہے۔
کشتواڑ کے چھاترو میں فائرنگ کا تبادلہ اس وقت شروع ہوا جب سکیورٹی فورسز نے علاقے میں آپریشن شروع کیا۔ وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مقابلہ اب بھی جاری ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشتواڑ میں انکاو¿نٹر میں شامل وہی ملی ٹنٹ جولائی میں ڈوڈہ میں ایک اور انکاو¿نٹر سے جڑے ہوئے ہیں ، جب کارروائی میں ایک افسر سمیت چار فوجی مارے گئے تھے۔
یہ جھڑپیں وادی چناب کے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع کے آٹھ اسمبلی حلقوں کے علاوہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام کی۱۶ نشستوں پر۱ ۸ستمبر کو ووٹنگ سے چند دن پہلے ہوئی تھیں۔
جموں، کٹھوعہ اور سانبا اضلاع میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے مرحلے میں بالترتیب ۲۵ ستمبر اور یکم اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے ملی ٹنٹوں کے ساتھ گولیوں کے مختصر تبادلے کے بعد ایک کمیں گاہ کا پردہ فاش کرکے اسلحہ بر آمد کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی انجام دیتے ہوئے پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعہ کی علی الصبح سرنکوٹ کے چمارڈ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
ترجمان نے کہا”جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے دہشت گردوں نے اس پر فائرنگ شروع کردی“۔
بیان میں کہا گیا”جوانوں نے گرچہ فائرنگ کا بھر پور جواب دیا تاہم دہشت گرد گھنے جنگلوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے “۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں محاصرے کو مزید سخت کرنے کے لئے فورسز کی مزید کمک کو طلب کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران ایک کمیں گاہ کا پردہ فاش کیا گیا اور اسلحہ، کھانے پینے کی چیزیں اور کچھ قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔
پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔