نئی دہلی/۱۱ستمبر
وزیراعظم ‘نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے فلیگ شپ اسکیم آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا (اے بی پی ایم،جے اے وائی) کے تحت آمدنی سے قطع نظر 70 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہریوں کو صحت کی کوریج کی منظوری دی ہے۔
اس کا مقصد چھ کروڑ بزرگ شہریوں والے تقریبا ً4.5 کروڑ کنبوں کو فیملی کی بنیاد پر 5 لاکھ روپے کا مفت ہیلتھ انشورنس کور فراہم کرنا ہے۔
اس منظوری کے ساتھ 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام بزرگ شہری اپنی سماجی و اقتصادی حیثیت سے قطع نظر اے بی پی ایم جے اے وائی کا فائدہ اٹھانے کے اہل ہوں گے۔ اہل بزرگ شہریوں کو اے بی پی ایم جے اے وائی کے تحت ایک نیا الگ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ اے بی پی ایم جے اے وائی کے تحت پہلے سے شامل کنبوں سے تعلق رکھنے والے 70 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو اپنے لئے سالانہ 5 لاکھ روپے تک کا اضافی ٹاپ اپ کور ملے گا (جسے انہیں 70 سال سے کم عمر کے خاندان کے دیگر ممبروں کے ساتھ بانٹنے کی ضرورت نہیں ہے)۔
70 سال اور اس سے زیادہ عمر کے دیگر تمام بزرگ شہریوں کو خاندانی بنیاد پر ہر سال 5 لاکھ روپے تک کا احاطہ ملے گا۔ 70 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہری جو پہلے ہی مرکزی حکومت کی صحت اسکیم (سی جی ایچ ایس)، سابق فوجی کنٹری بیوٹری ہیلتھ اسکیم (ای سی ایچ ایس)، آیوشمان سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) جیسی دیگر پبلک ہیلتھ انشورنس اسکیموں کا فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ یا تو اپنی موجودہ اسکیم کا انتخاب کرسکتے ہیں یا اے بی پی ایم جے اے وائی کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
یہ واضح کیا گیا ہے کہ 70 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہری جو پرائیویٹ ہیلتھ انشورنس پالیسیوں یا ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس اسکیم کے تحت ہیں وہ اے بی پی ایم جے اے وائی کے تحت فائدہ اٹھانے کے اہل ہوں گے۔