نئی دہلی//
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے منگل کو جموں کشمیر پولیس کانسٹیبل ‘الطاف حسین بٹ کو ان کی بہادری‘ انتہائی لگن اور فرض شناسی سے قوم کیلئے اعلیٰ قربانی کیلئے بعد از مرگ کیرتی چکر سے نوازا۔
الطاف حسین بٹ ہندوستانی فوج اور مسلح افواج کے علاوہ واحد افسر تھے جنہوں نے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں صدر سے بعد از مرگ کیرتی چکر وصول کیا۔
الطاف حسین بٹ کو جموں و کشمیر کے گاندربل ضلع میں محفوظ کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تعینات کیا گیا تھا۔
۶؍اکتوبر ۲۰۲۰ کو‘ ایک محفوظ شخص نونر میں اپنے خاندان سے ملنے گیا اور پی ڈی سی کالونی کنگن میں اپنی محفوظ رہائش کی طرف جانے والا تھا کہ دہشت گردوں نے اسے نشانہ بنایا، جنہوں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
الطاف حسین بٹ نے فوری اور مؤثر طریقے سے جوابی کارروائی کی تاہم وہ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے کے باوجود اس نے دہشت گردوں کا پیچھا کیا اور ایک کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
الطاف حسین بٹ نے جان بچانے کیلئے پروٹیکٹڈ شخص کو اپنے گھر کے اندر دھکیل دیا۔الطاف حسین بٹ کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر سکمز صورہ پہنچا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
الطاف حسین بٹ نے اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ ایک سرکاری کتابچے میں کہا گیا ہے ’’ان کے بہادرانہ عمل‘ ہمت، انتہائی لگن اور فرض سے وابستگی اور قوم کیلئے عظیم قربانی کے اعتراف میں‘الطاف حسین بٹ کو کیرتی چکر (بعد ازمرگ) سے نوازا گیا ہے‘‘۔