کراچی ///
پاکستان کرکٹ کے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس اور ورکشاپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس اور ورکشاپ کو کنکشن کیمپ کا نام دیا گیا ہے، کنکشن کیمپ 22 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔
اجلاس میں ریڈ اور وائٹ بال کے ہیڈ کوچز جیسن گلیسپی، گیری کرسٹن، انٹرنیشنل، ڈومیسٹک اور ہائی پرفارمنس کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سینئر کرکٹرز، کوچز اور پی سی بی کے سینئر آفیشلز بھی شریک ہوں گے۔
کنکشن کیمپ میں سامنے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مستقبل کے فیصلے ہوں گے۔
گیری کرسٹن جولائی میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کے بعد وطن واپس چلے گئے تھے جبکہ جیسن گلیسپی بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے بعد آسٹریلیا چلے گئے تھے۔
ریڈ اور وائٹ بال کوچز آپس میں بھی میٹنگز کریں گے، وائٹ اور ریڈ بال کے کپتانوں کی تبدیلی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہو گا۔
ذرائع نے بتایا کہ دورۂ آسٹریلیا کے لیے پاکستان ٹیم کا نیا وائٹ بال کپتان ممکن ہے۔