لاہور //بنگلہ دیش سے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی شرمناک کارکردگی پر دیار غیر کے کرکٹر بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر انگلی اٹھا رہے ہیں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی روی چندرن ایشون نے بنگلہ دیش کے خلاف پاکستانی ٹیم کی حالیہ بدترین کارکردگی کو نا قابل یقین قرار دیا ہے اور ماضی کی پاکستانی کرکٹ کو یاد کیا ہے۔
ایشون نے سوشل میڈیا سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 سال قبل مصباح الحق اور یونس خان کے ساتھ یہ کارکردگی ممکن نہ تھی، یہاں تک کہ جب وہ یو اے ای میں کھیلتے تھے، تب بھی پاکستان کو ہرانا بہت مشکل تھا۔ بھارتی اسپنر نے کہا کہ آج جس طرح سے پاکستانی کپتان کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ مجھے برا لگتا ہے۔
وہ ایک بہت ذہین کرکٹر ہے، میں اس کو جانتا ہوں اور وہ پاکستان کے لیے واقعی ایک اچھا کپتان ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بابر اعظم کے حوالے سے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے پوسٹر بوائے ہیں اور یہ ڈریسنگ روم قطعی آسان نہیں، لیکن یہ وقت پاکستان کرکٹ کو سنبھالنے کا ہے۔ روی چندر ایشون نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وقار یونس، وسیم اکرم، شعیب اختر، عمران خان، انضمام الحق، اعجاز احمد، سلیم ملک، سعید انور، عامر سہیل یہ لوگ پاکستان کرکٹ کی تاریخ اور میراث ہیں۔ ان کے علاوہ پاکستان کرکٹ کی میراث اور کیا ہے؟ بھارتی اسپنر نے اس فتح پر بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسن شانتو کی خوشی اور وائرل تصویر پر کہا کہ بنگلہ دیش کے لیے یہ غیر معمولی فتح ہے، خاص طور پر جب حالات غیر معمولی ہوں۔ روہت شرما کے ٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی کی طرح شانتو نے بھی اپنے بستر پر اس ٹرافی کے ساتھ تصویر لی۔