ایمسٹرڈیم// ویسٹ انڈیز کی ٹی۔ 20 اور ون ڈے ٹیم کے کپتان نکولس پوران نے کہا ہے کہ میدان پر وہ ایک فطری لیڈر کے طور پر ٹیم کی قیادت کریں گے اور حالات کے مطابق اپنے فیصلے خود کریں گے۔ نیدر لینڈ کے خلاف منگل سے ایمسٹرڈم میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا آغاز ہو رہا ہے۔
26 سالہ پوران اس سے قبل دو ون ڈے، آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور سی پی ایل میں گیانا ایمیزون واریئرز کی کپتانی کر چکے ہیں۔ وہ گزشتہ برسوں میں ٹیم کے نائب کپتان بھی رہے ہیں۔ کیرون پولارڈ کے رواں ماہ کے شروع میں ریٹائر ہونے کے بعد انہیں کپتانی سونپی گئی ہے۔
پوران نے ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہاکہ "میں آگے سے ٹیم کی قیادت کرنے کی کوشش کروں گا۔ اس کے علاوہ میں جو بھی منصوبہ رکھتا ہوں یا جو کچھ کہوں گا اس پر عمل کرنے کی کوشش کروں گا۔ میں ہمیشہ میدان کے حالات پر عمل کرنے کی کوشش کروں گا۔” اپنے ساتھیوں کو بھی پہلے میں بیٹنگ کے دوران بھی یہی کہتا تھا، اب بحیثیت کپتان بھی اس چیز کو لاگو کرنے کی کوشش کروں گا۔ میں ہمیشہ موجود وقت میں رہنے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں نے ہمیشہ اس پلان کے مطابق میدان میں خود کو منوایا ہے۔ میں ایک اچھا کپتان بننے کی کوشش کروں گا۔
ویسٹ انڈیز نے اس سیریز اور پاکستان کے دورے کے لیے ایک ناتجربہ کار ٹیم کا انتخاب کیا ہے، جس میں جیسن ہولڈر کی عدم موجودگی ہے۔ پوران نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ "ہم میچ جیتنا چاہتے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ حریف کوئی بھی ہو۔ ہم اسے اس طرح نہیں دیکھ رہے ہیں۔ اب اس طرح سوچنے کا وقت ہے اور ہمیں اس پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔”
انہوں نے کہاکہ “ہر کوئی اپنے کیرئیر میں کسی نہ کسی موقع کا مستحق ہوتا ہے اور یہ واقعی اچھی بات ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اب مواقع مل رہے ہیں۔ ان کے لیے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کریں۔‘‘