ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ سیاسی جماعتیں جموں کشمیر میں لوگوں کو وہ دینے… مفت میں دینے کی بات کررہے ہیں… انتخابی منشور میں کررہے ہیں ‘ جس کی لوگوں کو اشد ضرورت ہے… جو لوگوں کیلئے سچ میں کام آجائے … اب تک جموں کشمیر میں اسمبلی الیکشن کیلئے دو جماعتوں نے انتخابی منشور جاری کئے ہیں… نیشنل کانفرنس اور اپنی پارٹی‘جو کشمیریوں کی اپنی پارٹی بالکل بھی نہیں ہے ‘ نے ۔ دونوں جماعتوں نے اپنے منشور میں لوگوں کو مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا ہے… نیشنل کانفرنس نے ۲۰۰ یونٹ جبکہ اپنی پارٹی نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۵۰۰ یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا ہے ۔اب ان دونوں جماعتوں نے مفت بجلی کی فراہمی کرنے کے وعدے کی نقل دہلی کی عام آدمی پارٹی کی حکومت سے کی ہے یا نہیں … صاحب یہ تو ہم نہیں جانتے ہیں… سوائے اس ایک بات کے کہ ان دونوں جماعتوں نے مفت بجلی دینے کا جو وعدہ کیا ہے ‘ اس کی سچ میں ضرورت تھی اور… اور سو فیصد تھی ۔ لوگ بھی اس وعدے سے خوش ہوئے ہوں گے… اور اس لئے ہوئے ہوں گے کہ ان کی شکایت تھی کہ بجلی بلوں میں کافی اضافہ ہوا ہے…ممکن ہے کہ اگر نیشنل کانفرنس یا خدا نخواستہ اپنی پارٹی کی حکومت بن جاتی ہے اور… اور دونوں جماعتیں اپنے اس وعدے کو نبھانے میں مخلص بھی ہوں اور… اور وہ حقیقت میں لوگوں کو مفت بجلی دینے کی خواہش بھی رکھتے ہوں… لیکن…لیکن صاحب دونوں جماعتیں تو لوگوں کو بجلی… مفت بجلی تب فراہم کریں گی جب کشمیر … جموںکشمیر میںفراہم کرنے کیلئے بجلی دستیاب ہو ۔ وہ کیا ہے کہ گرما میں جموں اور سرما میں کشمیر کو بجلی کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا تھا… گر ما میں کشمیر اور سرما میں جموں کو بجلی کا زیادہ مسئلہ درپیش نہیں رہتا تھا… لیکن صاحب یہ قصہ پارینہ ہے کہ اب گرما ہو یا سرما جموں ہو یا کشمیر ‘ دونوں صوبوں کو بجلی کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے اور… اور سو فیصد ہو تا ۔صاحب ہم یقینا لوگوں کو کچھ یونٹ مفت میں دینے کے حق میںہیں اور… اور چاہتے ہیں کی کوئی بھی حکومت ایسا کرے … لیکن بجلی مفت دینے سے پہلے حکومت بجلی کی فراہمی کو تو یقینی بنائے … تا کہ اس کامفت بجلی دینے کا وعدہ یقینی بن جائے ۔ ہے نا؟