نئی دہلی//
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ کچھ طاقتیں جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن الیکشن کمیشن آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
کمار نے اس بات پر زور دیا کہ’ووٹ ایسی طاقتوں کا جواب ہے‘‘۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے جموں و کشمیر اور ہریانہ کے انتخابی مبصرین کو بریفنگ دینے کے بعد کہا’’ایسی طاقتیں ہیں جو انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کے لیے پرعزم ہیں، لیکن ہم پوری طرح تیار ہیں، اور ووٹ ایسی طاقتوں کا جواب ہے‘‘۔
اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کمار نے کہا’’ہم نے آج انتخابی مبصرین کو بریف کیا۔ مختلف ریاستوں کے جنرل، پولیس اور اخراجات کے مبصرین نے بریفنگ میں شرکت کی۔ مبصرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو کسی بھی شکایت کو دور کرنے اور انتخابی قواعد پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے دستیاب رہیں‘‘۔
کمار نے اس بات پر زور دیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) جموں کشمیر اور ہریانہ میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا ’’ دنیا جموں کشمیر کے انتخابات کو دیکھ رہی ہے۔ کچھ قوتیں انتخابی عمل میں خلل ڈالنے پر بضد ہیں، لیکن ہم ان سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کے دوران، ہم نے جموں و کشمیر میں زبردست جوش و خروش دیکھا، جہاں ریکارڈ رائے دہندگی ہوئی۔ میرا ماننا ہے کہ بیلٹ ہر چیز کا جواب ہے۔ جموں و کشمیر کے عوام ووٹنگ کے عمل میں حصہ لے کر اپنے ہاتھوں سے اپنی تقدیر سنواریں گے‘‘۔
کمار نے اسمبلی انتخابات کے دوران جعلی بیانیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کی تیاری پر بھی روشنی ڈالی۔’’ہم محتاط ہیں اور اس طرح کی جھوٹی کہانیوں کا فوری جواب دیں گے۔ ہمارے افسران ان معاملات پر کڑی نظر رکھیں گے‘‘۔
جموں و کشمیر میں انتخابات تین مرحلوں میں ہوں گے۱۸ ستمبر‘۲۵ ستمبر اور یکم اکتوبر، جس میں کل ۹۰؍ اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ اس علاقے میں پچھلے اسمبلی انتخابات۲۰۱۴ میں ہوئے تھے۔
الیکشن کمیشن نے ہریانہ کے اسمبلی انتخابات یکم اکتوبر کو شیڈول کیے ہیں اور دونوں علاقوں کے نتائج کی گنتی ۴ اکتوبر کو ہوگی۔
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے نوٹیفکیشن پیر کے روز جاری کیا گیا ، جو ۲۰۲۴کے انتخابی عمل میں ایک اہم قدم ہے۔
پہلے مرحلے میں ۲۴حلقوں میں ۱۸ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ امیدواروں کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ۲۷؍ اگست تک کا وقت ہے جس کی جانچ پڑتال ۲۸؍ اگست کو ہوگی اور نام واپس لینے کی حتمی تاریخ ۳۰ اگست ہوگی۔
اس دوران جموں و کشمیر اور ہریانہ کی قانون ساز اسمبلیوں کے جاری عام انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے آج جموں و کشمیر اور ہریانہ میں تعینات مبصرین کے لئے ایک بریفنگ کا اہتمام کیا۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے ساتھ الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر ایس ایس سندھو نے مبصرین کو ذاتی طور پر ان کے الاٹ کردہ حلقوں میں ان کے اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔
نئی دہلی کے رنگ بھون آڈیٹوریم میں منعقدہ بریفنگ میٹنگ میں آئی اے ایس ، آئی پی ایس افسران کے ساتھ ساتھ انڈین ریونیو سروس اور کچھ دیگر سینٹرل سروسز کے افسران نے بھی شرکت کی۔ جموں و کشمیر اور ہریانہ میں تقریبا ۲۰۰ جنرل مبصرین‘۱۰۰ پولیس مبصرین اور ۱۰۰؍ اخراجات ی مبصرین تعینات کیے جائیں گے۔