سرینگر//
کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑکے اور راہل گاندھی نے جمعرات کے روز نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ کے ساتھ ملاقات کی جس دوران متحدہ طورپر الیکشن لڑنے پر تبادلہ خیال ہوا۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے پر آئے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑکے نے گپکار سری نگر میں نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ سے ملاقات کی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے کئی سینئر لیڈران بھی موجود تھے جس دوران اسمبلی انتخابات متحدہ طورپر لڑنے پر گفت وشنید ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے دوران نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے اسمبلی انتخابات متحدہ طورپر لڑنے کا فیصلہ لیا ہے اور اب صرف اعلان کرنا باقی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں سیٹ شیئرنگ معاملے پر بھی گفت وشنید ہوئی ۔
بتادیں کہ راہل گاندھی ، ملکا ارجن کھڑکے دو روزہ دورے پر بدھ کی سہ پہر سری نگر پہنچے اور کارکنوں اور سینئر لیڈران سے ملاقات کی۔