سرینگر///
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر جناب منوج سنہا نے آج جموں و کشمیر کی اقدار اور ثقافتی اخلاقیات کو فروغ دینے میں ڈی ڈی کا شیر کے کردار کی تعریف کی۔
ایل جی سنہا نے ان خیالات کا اظہار سرینگر میں ڈی ڈی کشیر کے زیر اہتمام میری ماتی میرا دیش پر ایک خصوصی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کیا۔
ہیڈ آف پروگرامز، ڈی ڈی کے سرینگررابعہ رسول نے ایل جی سنہا، جو جموں و کشمیر کی ترقی کے سفر کی قیادت کر رہے ہیں جس کی بدولت خطے کے امن اور خوشحالی کو یقینی بنایا گیا ہے، کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے وڑن کی تعریف کی۔
پروگرام کے دوران ڈی ڈی کاشیر کی جانب سے تیار کردہ اور دکھائے جانے والے پروگراموں کے جائزہ کے بارے میں مختصر فلمیں دکھائی گئیں۔ دکھائی گئی شاٹ فلموں میں ایک اور مختصر فلم شامل ہے جو آرٹیکل ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کے ترقیاتی سفر کے بارے میں تھی۔
اپنے خطاب کے دوران ایل جی منوج سنہا نے ۷۸ویں یوم آزادی کے موقع پر حاضرین کو مبارکباد پیش کی اور ہندوستان کی آزادی اور وقار کو برقرار رکھنے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے دوردرشن کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی ہمیشہ قومیت کے احساس کو فروغ دیتے ہوئے مقامی فن، ثقافت اور ورثے کے تحفظ میں سب سے آگے رہا ہے۔
تنوع میں اتحاد کے نظریے کو آگے بڑھاتے ہوئے، ایل جی سنہا نے کہا کہ شہریوں کو مجاہد آزادی کی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے قوم اور اس کے ستونوں کو مضبوط بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔
باپو، نہرو اور تلک کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے، جناب سنہا نے مزید کہا کہ سماج کی تعمیر اور مضبوطی کے لیے ان کی قربانیوں کو مثال کے طور پر پیش کرنا چاہئے۔
ایل جی نے مزید کہاکہ آج کی پرفارمنس ایک آئینہ ہے جو قوم پرستانہ جذبات کو ابھارنے کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے ان منفی قوتوں کے بارے میں متنبہ کیا جو ہمیشہ قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور سالمیت کو مضبوط رکھنے کے عزم کو جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ایک کروڑ ۴۰ لاکھ لوگ امن اور ترقی کے خواہشمند ہیں۔
تحریک شکرانہ پیش کرتے ہوئے آر این یو، ڈی ڈی کے سرینگر کے جوائنٹ ڈائرکٹر جناب قاضی سلمان نے کہا کہ آج کی اسکریننگ نے جموں و کشمیر کے یوٹی کی بھرپور صلاحیت اور ثقافتی دولت کو ظاہر کیا ہے اور انہوں نے پروگرام میں شرکت کے لیے مہمان خصوصی اور دیگر معززین کا شکریہ ادا کیا۔
اس تقریب میں کشمیر کی سینٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اے رویندرناتھ، ڈی ڈی جی، ڈی ڈی کشیر، پی پی شکلا، ڈی ڈی جی گلوبل آؤٹ ریچ پرسار بھارتی، پرکاش ویر تیاگی، ڈی ڈی جی (ای)، سنجیو سوگم، جوائنٹ ڈائریکٹر اور دیگر معززین نے شرکت کی۔