سرینگر//
یوم آزادی کی تقریبات سے قبل ہفتہ کے روز وادی کشمیر کے کئی اضلاع میں ترنگا ریلیاں نکالی گئیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے ایک حصے کے طور پر وادی کے کئی اضلاع میں ترنگا ریلیاں نکالی گئیں جن میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
عہدیداروں نے کہا کہ ریلیوں نے حب الوطنی کے جذبے کو جلا بخشی اور یہ قومی فخر کا ایک متحرک مظاہرہ تھا کیونکہ ریلیاں ضلعی ہیڈ کوارٹرسے گزرتی تھیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ وادی کے شوپیاں، پلوامہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں ریلیاں نکالی گئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ریلیاں قومی پرچم کے لئے فخر اور احترام کے احساس کو فروغ دیتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت پولیس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران نے ان ریلیوں کی قیادت کی اور ان میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
عہدیداروں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں یوم آزادی کی تقریبات کے حصے کے طور پر اس طرح کی ریلیاں اور دیگر تقریبات جاری رہیں گی۔
دریں اچنا جموں کے ڈویڑنل کمشنر رمیش کمار نے ترنگا یاترا کی تیاریوں اور یوم آزادی ۲۰۲۴ منانے کے لئے منعقد کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے آج ضلعی انتظامیہ اور ایچ او ڈیز کے ایک اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ڈی آئی جی جموں سانبا کٹھوعہ رینج، ڈی آئی جی ٹریفک جموں، جموں ڈویڑن کے ڈپٹی کمشنرز، محکموں کے سربراہان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنرنے ترنگا یاترا ، ترنگا کنسرٹ ، ترنگا خراج عقیدت ، ترنگا عہد اور ترنگا کینوس کے سلسلے میں جموں ڈویڑن کے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
کمار نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ سکولوں، کالجوں، مسلح افواج کے اہلکاروں، سول سوسائٹی کے ممبران، سائیکلسٹوں، بائیکرز گروپ، ایچ او ڈیز اور افسران کے طلباء کی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے تمام سرگرمیوں کی محتاط منصوبہ بندی اور عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
بتایا گیا کہ جموں ضلع میں ترنگا یاترا۱۲؍ اگست کو منعقد کی جائے گی۔ یاترا گلشن گراؤنڈ پی ایچ کیو سے جموں یونیورسٹی کے بیک گیٹ، گجر نگر توی پل اور واپس گلشن گراؤنڈ پی ایچ کیو تک شروع ہوگی۔
صوبائی کمشنر نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ضلع اور سب ڈویڑن کی سطح پر ثقافتی پروگراموں اور اسی طرح کی دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ترنگا کنسرٹ کا انعقاد کریں۔
صفائی مہم کے انعقاد، ایچ او ڈیز کی جانب سے پرچم کشائی، سرکاری عمارتوں کو روشن کرنے اور سرکاری ویب سائٹس کے پس منظر کو ترنگے میں تبدیل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔