کہتے ہیں کہ سیاست میں جذبات سے فیصلے نہیں کئے جاتے ہیں… اگر کئے گئے تو… تو ان فیصلوں سے فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہوتا ہے۔ اپنے گورے گورے بانکے چھورے‘عمرعبداللہ یوں تو جذباتی انسان یا سیاستدان نہیں ہیں … لیکن… لیکن کبھی کبھی یہ بھی جذبات سے کام لیتے ہیں اور جذبات میں آکر کچھ بھی کہتے ہیں۔ عمر صاحب پہلے بھی ایسا کیا کرتے تھے اور آج بھی کررہے ہیں… آج بھی یہ جناب جذبات میں آکر کچھ ایسی ویسی باتیں کررہے ہیں جن کی کوئی دلیل یا منطق نہیں … بالکل بھی نہیں ۔ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ کاکہنا ہے کہ وہ اسمبلی الیکشن نہیں لڑیں گے… نہیں صاحب اس لئے نہیں لڑیں گے کہ انہیں لوک سبھا الیکشن میں ہار کا ڈر آج بھی ہے اور… اور یہ اسمبلی الیکشن لڑ کر خود کو ہار کے خطرے سے دوچار نہیں کرنا چاہتے ہیں… نہیں صاحب ایسی بات نہیں ہے… عمر صاحب تو اب کئی برسوں سے کہہ رہے ہیں کہ وہ یو ٹی کی اسمبلی کیلئے الیکشن نہیںلڑیں گے… ایک حالیہ انٹرویو میں عمرصاحب نے کہا کہ ان سے یہ نہیں ہو گا کہ ایک چپراسی کی تبدیلی کی فائل لئے انہیں ایل جی کے دفتر جا کر ایل جی کے دستخط کیلئے انتظار کرنا پڑے …عمر صاحب کو یہ گوارہ نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔یوں سمجھ لیجئے کہ عمر صاحب اسے اپنی تذلیل سمجھتے ہیں… ہم این سی لیڈر کی اس بات کو سمجھتے ہیں اور… اور اس لئے سمجھتے ہیں کی کسی زمانے میں یہ جموں کشمیر ریاست کے وزیر اعلیٰ بھی ہوا کرتے تھے… اور آج جموں کشمیر ریاست نہیں بلکہ ایک چھوٹی سی یو ٹی ہے ۔اس لئے عمر صاحب الیکشن نہیں لڑیں گے … ہمیں ان کے اس فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہے… لیکن صاحب ایک بات جو ہماری سمجھ میں نہیں آ رہی ہے وہ یہ ہے کہ عمر نہیں تو کوئی اور سہی… کوئی نہ کوئی تو وزیر اعلیٰ بن ہی جائے گا… اور ممکن ہے کہ اس کا تعلق نیشنل کانفرنس سے ہی ہو… جس فائل کی بات عمر عبداللہ کررہے ہیں… اسی فائل کو لے کر ان کی پارٹی کے کسی اور لیڈر کو…ایل جی دفتر جانا پڑسکتا ہے… ایل جی کیلئے دستخط کیلئے انتظار کرنا پڑے گا… جو بات عمر کو خود کیلئے گوارہ نہیں … اسے اپنی تذلیل سمجھتے ہیں وہ کسی اور کیلئے انہیں یہ کیسے گوارہ ہے… کیسے گوارہ ہو سکتی ہے ؟اب یہ تو نہیں ہے کہ عمر عبداللہ… عمر عبداللہ ہے اور کوئی اور … اور کوئی ہے ۔ الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ جذباتی ہے ‘ جس کی کوئی منطق نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے کہ … کہ عمر کے الیکشن نہ لڑنے سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہو ں گے ۔کسی کیلئے بھی نہیں ۔ این سی کیلئے بھی نہیں ۔ ہے نا؟