پالے کیلے// ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر واشنگٹن سندر نے سری لنکا کے ساتھ تیسرے ٹی 20 میچ کے بارے میں کہا کہ ٹیم کپتان سوریہ کمار یادو کے جرات مندانہ فیصلے کی وجہ سے جیتی۔
منگل کی رات اس میچ میں فتح کے بعد واشنگٹن نے کہاکہ ”سچ پوچھیں تو ان کی کپتانی کی صلاحیت حیرت انگیز ہے۔ ایک وقت میں 12 گیندوں پر 12 رنز درکار تھے اور پھر 12 گیندوں پر 9 رنز درکار تھے ایسے وقت میں رنکو سنگھ کو کشال پریرا جیسے بلے باز کے خلاف گیند کرنا اور آخری اوور خود کرانا ایک جرات مندانہ فیصلہ تھا۔ ہم نے وہ میچ تقریباً جیت لیا تھا۔ ہم سب جانتے ہیں کہ سوریہ جب بلے بازی کرنے جاتے ہیں تو وہ بہت ہمت سے کھیلتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کپتانی میں بھی ایسی ہی ہمت دکھا رہے ہیں۔ بڑی حد تک اس جیت کا سہرا انہیں جاتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہاکہ ’’میں محسوس کرتا ہوں کہ میں نے جو بھی کام کیا ہے وہ سب بھگوان کا آشیرواد تھا۔ میں صرف اپنے آپ کو پرسکون رکھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ میں صرف اس بات پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا تھا کہ مجھے کیا کرنا ہے۔ میں خاص طور پر سوریہ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس (سپر اوور) میں گیند میرے حوالے کی۔ ہم نے ان کے بلے بازوں پر کچھ ہوم ورک کیا۔ ظاہر ہے کہ وکٹ سے تھوڑی بہت مدد ملی، اس لیے مجھے زیادہ کچھ کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ مجھے صرف صحیح لینتھ گیند کرنی تھی۔
کپتان سوریہ کمار یادو نے کہا کہ میچ کے آخری دو اوورز سے زیادہ اہم بات یہ تھی کہ 30 کے اسکور پر چار وکٹیں اور 48 کے اسکور پر پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد ہمارے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کھیل کو مخالف ٹیم کے پہنچ سے باہر کردیا۔ میں نے محسوس کیا کہ اس پچ پر 140 کے آس پاس کا اسکور ایک قابل احترام اسکور ہوگا۔ جب ہم میدان میں جا رہے تھے تو میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ میں نے ایسے کئی میچ دیکھے ہیں۔ اگر ہم اگلے ایک سے 1.5 گھنٹے تک محنت کریں تو ہم یہ میچ آسانی سے جیت سکتے ہیں۔