نئی دہلی//
نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ روح اللہ مہدی نے پیر کے روز جموں و کشمیر میں جلد از جلد انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو جموں و کشمیر میں ۳۰ستمبر تک انتخابات کرانے کی ہدایت دی تھی۔ الیکشن کمیشن نے ابھی تک انتخابات کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے۔
لوک سبھا میں مرکزی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مہدی نے کہا کہ صرف ایک مہینہ باقی ہے اور انتخابات کے انعقاد کے لئے کوئی عمل شروع نہیں کیا گیا ہے۔
مہدی نے کہا’’میں یہاں انتخابات کی بھیک مانگنے نہیں آیا ہوں۔ سپریم کورٹ نے اس حکومت کو ہدایت دی تھی کہ ستمبر تک ایک جمہوری حکومت تشکیل دی جائے۔ صرف ایک مہینہ باقی رہ گیا ہے اور ابھی تک انتخابات کا کوئی عمل شروع نہیں ہوا ہے۔میں درخواست کرتا ہوں کہ جمہوریت کی روح کیلئے انہیں ہدایت دیں کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کیا جائے اور انتخابات کرائے جائیں‘‘۔
گزشتہ دسمبر میں سپریم کورٹ نے سابق ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل۳۷۰ کی دفعات کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا اور ریاست کا درجہ جلد از جلد بحال کرنے کی ہدایت دی تھی۔
اس نے کہا تھا کہ اسمبلی انتخابات۳۰ستمبر۲۰۲۴تک ہونے چاہئیں۔
مارچ میں لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات ایک ساتھ کروانا لاجسٹک اور سیکورٹی وجوہات کی بنا پر عملی نہیں ہے۔
جموں و کشمیر میں جب بھی اسمبلی انتخابات ہوں گے تو اگست ۲۰۱۹میں آئین کے آرٹیکل ۳۷۰ کی منسوخی اور جموں و کشمیر کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے بعد یہ پہلا انتخاب ہوگا۔ (ایجنسیاں)