اجی چھوڑئے کون کیا کہہ رہا ہے اور کیا نہیں … کشمیر… جموں کشمئر کے ایل جی صاحب کیا کہہ رہے ہیں ‘ سرینگر میونسپلٹی والے کیا کہہ رہے ہیں …ماحولیات کے رکھ ٹھیکے دارکیا فرما رہے ہیں … یہ سب کیا کہہ رہے ہیں اور کیا نہیں ہمیں اس سب سے کوئی مطلب نہیںہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے ۔ صاحب!وہ کیا ہے کہ یہ تو ضروری نہیں ہے اور … اور بالکل بھی نہیں ہے کہ یہ حضرات جو کہیں ہم وہ سب مان مالیں… ہول سیل میں مان لیں… سر تسلیم خم کرکے مان لیں… نہیں صاحب اتنے بھی ہم فرمانبردار اور تابعدار نہیں ہیں… نہیں ہو سکتے ہیں ۔ آپ تو جانتے ہیں کہ بڑے لوگ بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں اور… اور اس لئے کرتے ہیں کہ انہیں بڑی بڑی باتیں کرنے کی عادت جو ہو تی ہے… پھر چاہے ہمارے ایل جی صاحب ہوں ‘ میونسپلٹی والے ہوںیا پھر ماحولیات کے ٹھیکہ دار ہوں … لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ ہم ان کی ہر ایک بات کو کوڈے دان میں ڈال دیں … ایسا نہیں ہوتا ہے… ایسا نہیں ہو نا چاہئے …جیسی یہ بات کہ ہمیں اپنے اس شہر خستہ کو پالی تھین سے مکت کرنا ہے… پالی تھین سے پاک کرنا ہے ۔ آپ چاہیں تو اس ایک بات کو بھی صرف نظر کریں ‘ کسی کھاتے میں نہ لائیں لیکن…لیکن ہماری صلاح ہے کہ اس ایک بات مان لیجئے‘اس کو آپ سنجیدہ لیں… اس پر عمل کرنے کی کوشش بھی کریں کہ … کہ بات ہماری ہے‘ اپنی ہے‘ اپنے اس شہر خستہ کی ہے جو پہلے ہی خستہ حال ہے … اورپالی تھین کے استعمال اور ہول سیل میں استعمال سے اس کا حال سچ میں بے حال ہو رہا ہے اور… اور اللہ میاں کی قسم یہ ہمارے لئے کوئی اچھی خبر نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔پالی تھین کا استعمال شہر خستہ کا مستقبل خطرے میں ڈال رہا ہے … ہماری آبگاہوںکے وجود کو اس کے استعمال سے شدید خطرہ لاحق ہے کہ ویسے بھی ان آبگاہوں کا ہم نے پہلے ہی دم گھٹ کے رکھ دیا ہے … اب بھی ان میں تھوڑی سی جان باقی ہے اور … اور اگر ہم نے پالی تھین کے استعمال کو ترک کردیا تو… تو بھیا ممکن ہے کہ ہم اپنے شہر خستہ کو ماحولیاتی تباہی سے بچا سکیں اور… اور اگر آپ اپنے شہر کو بچانا چاہتے ہیں تو… تو ایک بار اس ایک بات کو پوری طرح مان لیجئے … اس پر پوری طرح عمل کیجئے ۔ پالی تھین کا استعمال روک لیجئے اور مکمل طور پر روک لیجئے ۔ ہے نا؟