سرینگر//
سرینگر شہر میں ہفتہ کے روز۷ء۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ۱۹۹۹ کے بعد جولائی کے مہینے میں ایک بار پھر گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ۴ جولائی کے بعد ہفتہ کو سرینگر شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۷ء۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ان دونوں دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۷ء۳۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو ۱۹۹۹کے بعد جولائی کے مہینے میں دن کا گرم ترین درجہ حرارت ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جموں شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۱ء۳۵ ریکارڈ کیا گیا جو سرینگر شہر میں ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت سے کم ہے۔
وادی میں گزشتہ دو ماہ سے غیر معمولی خشک اور گرم موسم جاری ہے۔ اس سے وادی کے تمام دریاؤں، ندیوں، جھیلوں، چشموں اور کنوؤں میں پانی کی سطح تقریبا ۵۰ فیصد کم ہو گئی ہے۔
پانی کی قلت نے وادی کے تقریبا ًہر حصے کو متاثر کیا ہے اور زیادہ تر شہروں اور قصبوں میں پینے کے صاف پانی کی بھی کمی ہے۔
جمعہ کے روز وادی کی مختلف مساجد میں بارش کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں کیونکہ زیادہ تر مقامات پر زمین خشک ہے۔یہاں تک کہ بارش کی عدم موجودگی میں وادی میں دھان کی فصل اور باغبانی کی پیداوار کو بھی بھاری نقصان پہنچ سکتا ہے۔