سرینگر//
شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ہفتے کی علی الصبح ہونے والی جھڑپ کے میں ایک فوجی جوان جاں بحق دوسرا زخمی جبکہ ایک عدم شناخت پاکستانی در انداز ہلاک ہوا۔
سری نگر نشین ایک دفاعی ترجمان نے اپنے بیان میں اس انکائونٹر کو بارڈر ایکشن ٹیم (بی اے ٹی) کا حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دو سے تین مسلح اہلکاروں نے ایل او سی پار کرکے مژھل سیکٹر میں ایک فاروڈ پوسٹ پر نزدیکی سے فائرنگ شروع کر دی۔
ترجمان نے کہا’’خراب موسمی صورتحال اور تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دو سے تین پاکستانی مسلح اہلکاروں نے مژھل سیکٹر میں ایل او سی پار کرکے فوج کی فاروڈ چوکی پر نزدیکی سے فائرنگ شروع کر دی‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ وہاں تعینات مستعد جوانوں نے بھر پور جوابی کارروائی کی۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ طرفین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پاکستانی در انداز کو ہلاک کر دیا گیا جس کے ساتھ اسلحہ و گولہ بارود اور جنگی سٹور بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق پاکستانی کی شناخت اور وابستگی معلوم کی جا رہی ہے ۔
ترجمان نے کہا’’گولیوں کے اس شدید تبادلے کے دوران ہمارے دو جوان شدید زخمی ہوئے جن کو بیس ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا بد قسمتی سے ، ان میں سے ایک جوان زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا جبکہ دوسرے کی حالت مستحکم ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی، در اندازوں کی اس طرح کی کوششوں، جنہیں پاکستانی فوج کی مدد اور حوصلہ افزائی حاصل ہے ،نے ہوئی ہیں تاہم ان کو ہمیشہ ناکام بنا دیا گیا ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ ہندوستانی فوج لائن آف کنٹرول کا تقدس بحال رکھنے کے لئے اور پاکستانی فوج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پر عزم ہے ۔
بتادیں کہ یہ انکائونٹر وزیر اعظم نریندر مودی کے کرگل میں کرگل وجے دیوس کے موقع پر اپنے خطاب میں پاکستان کو سخت وارننگ دینے کہ ہماری فوج پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردی کو کچلے گی اور دشمن کو کرارا جواب دے گی، کے ایک دن بعد ہوا ہے ۔
یہ گذشتہ۱۵دنوں کے دوران کپوارہ میں ہونے والا چوتھا انکائونٹر ہے ۔
اس سے قبل ہونے والے تین تصادم آرائیوں میں۶غیر ملکی ملی ٹنٹ ہلاک اور ایک جوان جاں بحق ہوا ہے ۔فوجی سربراہ جنرل اوپنیدرا دویدی نے دو روز قبل کپوارہ میں ایل او سی کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔