جموں//
جموں کشمیر میں دہشت گردوں کی طرف سے دراندازی کی کوششوں کے بارے میں تشویش کے درمیان سیکورٹی فورسز نے سانبہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے قریب زیر زمین اور سرحد پار سرنگوں کا پتہ لگانے کے لئے ایک آپریشن شروع کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ خصوصی آلات سے لیس پولیس اور سیکورٹی اہلکار اس آپریشن کے حصے کے طور پر گھنے جھاڑیوں اور جنگلاتی علاقوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سرحدی علاقوں کی باریک بینی سے نگرانی کر رہے ہیں۔
آپریشن میں شامل ایک پولیس افسر نے بتایا کہ سرحد پار سرنگوں کی موجودگی کا پتہ لگانے کیلئے ایک جامع انسداد سرنگ مشق شروع کردی گئی ہے۔
پولیس افسر نے کہا کہ تلاشی کی کارروائیوں میں ڈرون کی تعیناتی بھی شامل ہے اور ممکنہ دہشت گرد دراندازی سے پیدا ہونے والے سیکورٹی خطرات کے جواب میں روزانہ کیا جارہا ہے۔
افسر نے مزید کہا’’سیکورٹی فورسز سرنگوں کی موجودگی کے امکان کو ختم کرنے کیلئے گھنے جھاڑیوں والے علاقوں کو صاف کر رہے ہیں‘‘۔
پولیس نے حال ہی میں کہا تھا کہ پاکستان کی سرپرستی میں دہشت گرد بین الاقوامی سرحد کے ذریعے جموں و کشمیر میں گھس آئے ہیں اور خطے میں دہشت گردانہ حملوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران ۵۰ سے ۶۰ غیر ملکی دہشت گردوں نے بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے ذریعے جموں میں دراندازی کی ہے۔
گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران انہوں نے خاص طور پر کٹھوعہ، ڈوڈا، راجوری، پونچھ اور ریاسی اضلاع میں فوجی جوانوں، سیکورٹی فورسز اور یاتریوں سمیت عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔