سرینگر//
وزیر اعظم نریندری مودی جمعہ کوکرگل وجے دیوس کی۲۵ویں سالگرہ کے موقع پر کرگل کا دورہ کریں گے اور وہاں وار میموریل پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔
بتادیں کہ۲۶جولائی کو ۱۹۹۹میں کرگل میں پاکستانی فوج پر ہندوستانی فوج کی فتح کو کرگل وجے دیوس کے طور پر منایا جاتا ہے ۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا’’پچیسویں کرگل وجے دیوس کے موقع پر وزیر اعظم صبح کے۹بجکر۲۰منٹ پر کرگل وار میموریل پر شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے ‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران شنکن لا ٹنل پروجیکٹ کا ورچول موڈ میں پہلا بلاسٹ بھی انجام دیں گے جو مکمل ہونے کے بعد دنیا کی بلند ترین ٹنل ہوگی۔
شنکن لا ٹنل پروجیکٹ۱ء۴کلو میٹر لمبی جڑواں ٹیوب سرنگ ہے جو لیہہ کو ہمہ موسمی رابطہ فراہم کرنے کیلئے نیمو ، پدم ، درچہ روڈ پر قریب۱۵ہزار۸سو فٹ کی بلندی پر تعمیر کی جائے گی۔
سرکاری ترجمان کے مطابق مکمل ہونے پر یہ دنیا کی بلند ترین ٹنل ہوگی اور اس سے نہ صرف ملک کی مسلح فوج اور آلات کی تیز رفتار اور موثر نقل وحمل یقینی بن جائے گی بلکہ یہ لداخ میں اقتصادی اور سماجی ترقی کے فروغ کیلئے کلیدی رول ادا کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ تین دنوں پر محیط کرگل وجے دیوس کی تقریبات۲۴جولائی سے شروع ہوئی ہیں۔
ضلع انتظامیہ کرگل نے اس ضمن میں اس کی تقریبات میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضلع انتظامیہ کرگل نے دراس اور تحصیل کرگل میں۲۴ سے۲۶جولائی تک ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے ۔
۱۹۹۹میں پاکستانی فوج اور مختلف تنظیموں کے ملی ٹنٹوں نے دراس سے بٹالک تک لائن آف کنٹرول پر کئی چوٹیوں پر قبضہ کیا تھا۔
بعد ازاں ہندوستانی فوج نے فضائی فوج کی مدد سے پاکستانی فوج اور در اندزوں کو پیچھے دھکیل دیا تھا اور تین ماہ کی جنگ کے بعد ان چوٹیوں پر واپس اپنا قبضہ جمایا تھا۔