سرینگر//
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حالات کچھ مہینوں کے اندر معمول پر آجائیں گے کیونکہ دشمن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
سنہا نے نامہ نگاروں کو بتایا’’جو لوگ (یہاں کے پرامن ماحول کو) ہضم نہیں کر سکتے، انہیں اپنے انجام کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ یہاں کے لوگ پہلے بھی انہیں منہ توڑ جواب دے چکے ہیں۔ حالات اس کا تقاضا کرتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ کچھ مہینوں میں حالات دوبارہ معمول پر آجائیں گے‘‘۔
مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں خطے میں گزشتہ کچھ مہینوں میں عسکریت پسندی سے متعلق تشدد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ایل جی نے بھی مرکزی بجٹ کا خیرمقدم کیا اور اسے تاریخی قرار دیا۔
سنہا کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جانے والا جموںکشمیر بجٹ ہماری مجموعی ترقی پر مرکوز ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں تمام طبقوں کا خاص خیال رکھا گیا ہے ۔
ایل جی نے کہا’’میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کا مشکور ہوں، کل ملک کے پارلیمنٹ میں تاریخی بجٹ پیش کیا گیا‘‘۔
سنہا کا کہنا تھا’’یہ بجٹ وکست بھارت کی مضبوط بنیاد کے ساتھ ساتھ وکست جموں و کشمیر کی بھی مضبوط بنیاد رکھے گا‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں نوجوان، خواتین، غریب اور کسان، یہ چار طبقے فوکس رہے ہیں۔
ایل جی نے کہا’’کسانوں کی آمدنی کیسے بڑھے ، نوجوانوں کو کیسے زیادہ سے زیادہ روزگار ملے اور ناری شکتی کیسے مزید مضبوط ہوجائے اس پر خاص فوکس کیا گیا ہے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر بجٹ، جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی پر مرکوز ہے ۔