نئی دہلی//
وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے بدھ کو راجیہ سبھا میں کہا کہ جموں کشمیر میں سرگرم دہشت گردوں کو جیل یا پھر جہنم میں بھیج دیا جائے گا۔
رائے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری کے ضمنی سوال کا جواب دے رہے تھے۔
وزیر نے کہا کہ حال ہی میں دیکھی جانے والی دہشت گردی کی سرگرمیاں جلد ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ (دہشت گرد) اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
رائے نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں میں جموں و کشمیر میں۲۸دہشت گرد مارے گئے ہیں اور کچھ سیکورٹی اہلکار بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جو بہت بدقسمتی کی بات ہے۔
وزیر کے مطابق ۲۰۱۹ میں آرٹیکل ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد سے سیکورٹی فورسز نے علاقے میں تقریباً۹۰۰ دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔
رائے نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کر دے گی اور اس سے کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ حالیہ تصادم میں کچھ فوجی بھی شہید ہوئے ہیں، لیکن مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد زیادہ ہے ۔
رائے نے کہا کہ متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) حکومت کے دور میں۲۰۰۴سے۲۰۱۴تک جموں و کشمیر میں۷۲۱۷دہشت گردی کے واقعات ہوئے جبکہ مودی حکومت کے دور میں۲۰۱۴سے اب تک۲۲۵۹واقعات ہوئے ہیں۔
وزیر نے کہا کہ یو پی اے کے دور میں دہشت گردی کے واقعات میں۲۸۲۹شہری اور فوجی مارے گئے جبکہ مودی حکومت کے دور میں یہ تعداد صرف۹۴۱رہی۔ اس طرح اس میں۶۷فیصد کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ریاست میں جرائم کے واقعات میں بھی کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں عام شہریوں کی ہلاکتوں میں۸۰فیصد کمی آئی ہے اور آرٹیکل۳۷۰کے خاتمے کے بعد تقریباً۹۰۰دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
رائے نے کہا کہ آج جموں و کشمیر میں نظم ہے ، باغبانی ہو رہی ہے ۔ سیکیورٹی کی مکمل ضمانت ہے ۔ دہشت گرد بجھتے ہوئے چراغ کی طرح کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس عرصے میں سیاحت میں اضافہ ہوا ہے ۔۲۰۲۳میں۱۱ء۲کروڑ سیاح یہاں آئے جو مسلسل۱۰سال سے ریکارڈ سطح پر برقرار ہے ۔ سال۲۰۰۴سے۲۰۱۴کے دوران سیاح جموں و کشمیر جانے سے گریز کرتے تھے ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے بہت سے اقدامات کر رہی ہے ۔ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ریاست میں جی۲۰پروگرام بھی منعقد کیے گئے ۔ جموں و کشمیر میں سیاحوں اور سیاحت سے پانچ لاکھ لوگوں کو فائدہ ہوا ہے ۔
رائے نے کہا کہ ریاست میں امن کا ماحول ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاست کی صفائی پر بھی توجہ دی جارہی ہے اور ماحولیات کا بھی پورا خیال رکھا جارہا ہے ۔ کسی بھی قسم کی منظوری ماحولیات کو مدنظر رکھ کر دی جا رہی ہے ۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ ماحولیات پر ممکنہ اثرات کا اندازہ لگایا جاتا ہے ۔ ریاستی انتظامیہ اور مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے واضح ہدایت ہے کہ کسی بھی قسم کی منظوری صرف ماحولیات کو مدنظر رکھ کر دی جائے ۔