لداخ//
لداخ یونین ٹریٹری کے ترتک سیکٹر میں فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں سات فوجی جوان ہلاک جبکہ ۱۹دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ لداخ کے ترتک سیکٹر میں جمعے کے روز فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ابھی تک سات اہلکار جام شہادت نوش کر گئے جبکہ کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر جنگی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔اُن کے مطابق حادثے میں زخمی ہوئے اہلکاروں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر ائر فورس کی خدمات بھی حاصل کی گئی ۔
دریں اثنا ذرائع نے بتا یا کہ۲۶؍اہلکار وں پر مشتمل فوجی گاڑی پرتا پور سے سب سیکٹر حنیف کی طرف جارہی تھی کہ اس دوران گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر شیوک دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار سبھی اہلکار زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے میں زخمی ہوئے ۲۶ ؍اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی خاطر آرمی فیلڈ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سات اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے ۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ لہیہ سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو فوری طورپر جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیا جبکہ حادثے میں شدید طورپر زخمی ہوئے اہلکاروں کو ائر لفٹ کیا جارہا ہے ۔
دریں اثنا صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مختلف رہنماؤں نے جمعہ کو مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں سڑک حادثے میں سات فوجیوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس حادثے میں سات فوجی ہلاک ہو گئے ۔حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے ‘ کووند نے ٹویٹ کیاکہ یہ جان کر افسوس ہوا کہ ہمارے کچھ بہادر فوجی لداخ میں ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہوگئے ۔ مرنے والوں کے اہل خانہ سے میری دلی تعزیت۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔
ایک ٹویٹ پیغام میں مودی نے کہاکہ لداخ میں فوجی گاڑی کے حادثے میں فوج کے بہادر جوانوں کی موت سے دکھی ہوں۔ متاثرین کے اہل خانہ سے میری تعزیت۔ میں زخمی فوجیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے ۔