نئی دہلی//
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے ) نے ہفتہ کو سپریم کورٹ کے حکم کے تناظر میں قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ (این ای ای ٹی،یوجی) کے شہر وار اور مرکز وار نتائج کا اعلان کیا۔
این ٹی اے نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر این ای ای ٹی،یوجی کے نتائج جاری کیے ہیں۔ نتائج میں طلباء کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ این ای ای ٹی،یوجی معاملے کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس جے بی پارڈی والا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ نے۱۸جولائی کو این ٹی اے کو ہدایت دی تھی کہ وہ ہفتہ کی دوپہر تک تمام این ای ای ٹی،یوجی طلباء کے نتائج کا سرکاری ویب سائٹ اعلان کرے ۔
عدالت نے کہا تھا کہ نتائج جاری کرتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ امیدوار کی شناخت ظاہر نہ ہو اور اگلی سماعت ۲۲جولائی بروز پیر شروع ہوگی۔
بنچ نے سماعت کے دوران اس بات پر بھی زور دیا تھا کہ دوبارہ امتحان اس ٹھوس بنیادوں پر کرایا جائے کہ پورا امتحان متاثر ہوا ہے ۔ عدالت عظمیٰ کے سامنے مرکزی حکومت کی طرف سے پیش کرتے ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے پٹنہ اور ہزاری باغ میں سوالیہ پرچوں کے عام ہونے کے واقعہ کو قبول کیا تھا اور کہا تھا کہ اس معاملے میں مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) کارروائی کر رہی ہے ۔ انہوں نے واضح طور پر اس معاملے میں کسی بھی بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کی تردید کی۔
سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق این ٹی اے نے این ای ای ٹی،یوجی کے نتائج کو دوبارہ جاری کیا ہے ، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ ان مراکز کے نتائج جاری کیے گئے ہیں جہاں پیپر لیک کو لے کر زیادہ تنازعہ ہوا تھا یا نہیں۔
قابل ذکر ہے کہ این ای ای ٹی،یوجی کا امتحان۵مئی کو ملک کے۵۷۱شہروں کے۴۷۵۰مراکز پر ہوا تھا اور اس میں۳۳ء۲۳لاکھ سے زیادہ طلباء نے شرکت کی تھی۔
این ای ای ٹی،یوجی کا امتحان بھی۱۴بیرون ملک مراکز پر منعقد کیا گیا تھا، جس میں تقریباً۱۵۶۳؍امیدواروں نے دوبارہ امتحان میں شرکت کی تھی۔