سرینگر//
پی ایم پیکیج ملازمین کے ایک وفد نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔
وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو اپنے مختلف مسائل اور خدشات سے آگاہ کیا اور ان کے جلد ازالے کیلئے ان سے مداخلت کی درخواست کی۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے ارکان کو صبر سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
سنہا نے وفد کے ارکان سے کہا کہ حکومت آپ کی شکایات کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔
منوج کمار دویدی، حکومت کے پرنسپل سکریٹری، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ‘ نتیشوار کمار‘ لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری‘ وجے کمار، آئی جی پی کشمیر‘ ‘اشوک پنڈتا، ریلیف اور بحالی کمشنر، جموں و کشمیر اور دیگر سینئر افسران بات چیت کے دوران موجود تھے۔
اس دوران کشمیر یونیورسٹی کی نومنتخب وائس چانسلر‘ پروفیسر نیلوفر خان نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔
نومنتخب وی سی نے لیفٹیننٹ گورنر کو علمی اور انتظامی اہمیت کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے وائس چانسلر کو مشورہ دیا کہ وہ جدید ترین اور اصلاحی اقدامات اپنائیں تاکہ حالیہ پیش رفت پر تدریس، تحقیق اور توسیعی سرگرمیوں میں عمدگی کو فروغ دیا جا سکے۔
سنہا نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے طلبہ کی استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جائے اور طلبہ کے فیڈ بیک کلچر کو شامل کیا جائے۔