جموں//
جموںکشمیر کے پونچھ ضلع کے کنوئی اور سٹی فاریسٹ میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی کارروائی شروع کی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق مشکوک افراد کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پونچھ کے کنوئی اور سٹی فاریسٹ علاقوں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔
ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع فراہم کی ہے کہ جنگلی علاقے میں مشکوک افراد کو دیکھا گیا جس کے پیش نظر پولیس ، ایس او جی اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ علاقے کی اور جانے والی شاہراوں کو بھی سیکورٹی فورسز نے سیل کیا ہے ۔
یہ رپورٹ فائل کرنے تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔
اس دوران ڈوڈہ ضلع کے کاستی گڑھ مندھار علاقے میں درمیانی شب سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو فوجی جوان زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ کے جنگلی علاقوں میں پچھلے چار روز سے جاری تلاشی آپریشن کے بیچ جمعرات اعلیٰ الصبح کاستی گڑھ علاقے میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کا آمنا سامنا ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ تین گھنٹے تک جنگلی علاقے میں فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ جار ی رہا جس کے نتیجے میں فوج کے دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں نازک حالت میں بیس ہسپتال منتقل کیا گیا۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل تین گھنٹے تک فائرنگ کے بعد کاستی گڑھ علاقے میں خاموشی چھا گئی ۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گھنے جنگلات میں محصور ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطر ہیلی کاپٹروں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔