سرینگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک مخصوص کمیونٹی کے خلاف اشتعال انگیز زبان استعمال کرنے پر دو مذہبی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ اس نے دو مذہبی رہنماؤں مشتاق احمد ویری اور عبدالرشید داؤدی کے خلاف ایک مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنانے والی اشتعال انگیز زبان کا استعمال کرنے پر فیصلہ کن کارروائی کی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق علماء کی جانب سے کئے گئے توہین آمیز ریمارکس کو اننت ناگ پولیس کی توجہ میں لایا گیا جس نے فوری طور پر قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی شروع کردی۔ مزید اشتعال انگیز تقاریر کو روکنے کے لئے علماء کو پابند کیا گیا ہے۔
اننت ناگ پولیس فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام پر زور دیتے ہیں کہ وہ نفرت انگیز تقاریر یا اشتعال انگیز زبان کے کسی بھی واقعہ کی اطلاع فوری طور پر حکام کو دیں۔