لاہور //سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ اعظم خان کو کرکٹ کھیلنی ہے تو برگر کی قربانی دینا ہوگی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان نے 61 سالہ رمیز راجہ سے پوچھا کہ اعظم خان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ ریسٹورنٹ میں بیٹھے برگر کھا رہے ہیں کیا یہ درست ہے کہ ان کی پرائیویسی کو اس طرح شیئر کرنا اور ٹرول کرنا درست ہے؟۔
رمیز راجہ نے کہا کہ باڈی شیمنگ نہیں ہونی چاہیے، ہم کونسی صدی میں رہ رہے ہیں سمجھ نہیں آتی، یہ اعظم خان کی اسپیس ہے لیکن اعظم خان کو برگر کھانا نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل کرکٹ قربانی مانگتی ہے، اگر آپ کو اچھا کھلاڑی بننا ہے تو آپ کو بہت ساری چیزوں کی قربانی دینا ہوگی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ انہیں اب ساری چیزوں کی طرف توجہ دینا ہوگی، انہیں اپنا ایک شیڈول بنانا ہوگا اور بطور کرکٹر اپنی زندگی گزارنی ہوگی۔