نئی دہلی//
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ ۱۸ویں لوک سبھا کا مینڈیٹ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ہے اور یہ نہ صرف ان کی سیاسی بلکہ اخلاقی شکست ہے ۔
بدھ کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر انڈیا گروپ کے لیڈروں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اتحاد کے تمام لیڈروں نے پوری طاقت کے ساتھ جنگ لڑی ہے اور اپنا پیغام عوام تک پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں۔ یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ رائے عامہ مکمل طور پر مودی کے خلاف ہو چکی ہے ۔
اتحاد کے رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں انڈیا اتحاد کے تمام دوستوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہم نے مل کر لڑا، ہم آہنگی سے لڑا اور پوری طاقت سے لڑا، آپ سب کو مبارکباد۔
کانگریسی صدر نے کہا کہ الیکشن مودی کے نام اور چہرے پر لڑا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ’’۱۸ویں لوک سبھا انتخابات کی رائے عامہ براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ہے ۔ الیکشن ان کے نام اور چہرے پر لڑا گیا تھا اور عوام نے بی جے پی کو اکثریت نہ دے کر ان کی قیادت کے بارے میں واضح پیغام دیا ہے ۔ ذاتی طور پر مودی جی کے لیے یہ نہ صرف ایک سیاسی شکست ہے بلکہ ایک اخلاقی شکست ہے ، لیکن ہم سب ان کی عادات سے واقف ہیں، وہ اس عوامی رائے کو جھٹلانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ‘‘۔
کھڑگے نے کہا’’ہم یہاں سے یہ پیغام بھی دیتے ہیں کہ انڈیا الائنس ان تمام سیاسی جماعتوں کا خیرمقدم کرتا ہے جو ہندوستان کے آئین کے تمہید پر اٹل یقین رکھتی ہیں اور اقتصادی، سماجی اور سیاسی انصاف کے اپنے مقاصد کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘