جموں//
جموںکشمیر حکومت نے اکھنور میں جمعرات کو پیش آنے والے بھیانک سڑک حادثے کے بعد ریجنل ٹرانسپورٹ دفتر کٹھوعہ کے موٹر وہیکل انسپکٹر سمیت۶اہلکاروں کو معطل کر دیا اور اس سلسلے میں انکوائری شروع کر دی ہے ۔
بتادیں کہ چونگی مورا اکھنور کے نزدیک جمعرات کو یاتریوں سے بھری ہوئی ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں۲۲ یاتریوں کی موت جبکہ ۶۹دیگر زخمی ہوگئے ۔
حکومت نے انکوائری کیلئے ایڈیشنل سکریٹری (ٹیکنیکل) روڈ سیفٹی کونسل جموں وکشمیر پرم ویر سنگھ کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے ۔
انکوائری افسر سے معاملے کی گہرائی سے تحقیقات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور ایک ہفتے کے اندر افسروں/ اہلکاروں کے فرائض کی انجام دہی/ کوتاہی کیلئے سفارشات کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
حکمنامے کے مطابق انکوائری مکمل ہونے تک ریجنل ٹرانسپورٹ دفتر کٹھوعہ کے موٹر وہیکل انسپکٹر سمیت ۶؍اہلکاروں کو معطل کرکے ٹرانسپورٹ کمشنر جموں و کشمیر کے جموں دفتر کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے ۔
جن اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے ان میں موٹر ویہکل انسپکٹر رنجیو بھسین، جونیئر اسسٹنٹ سمت مگوترا اور ایم ٹی ایس عملے کے چار اہلکار اشونی کمار، امن کمار، کیشو سنگھ اور راکیش کمار شامل ہیں۔