نئی دہلی// سپریم کورٹ نے بہار میں دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق اس درخواست کو خارج کردیا ، جس میں بہار کے مونگیر پارلیمانی حلقہ کے کئی پولنگ اسٹیشنوں کے بوتھوں پر مبینہ طور پر قبضہ کرنے اور کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کا الزام لگاتے ہوئے ان بوتھوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کو ہدایت دینے کی گزارش کی گئی تھی ۔
جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس پرسنا بی۔ ورلے کی تعطیلاتی بنچ نے درخواست پر غور کرنے سے انکار کر دیا اور اسے خارج کرتے ہوئے اس معاملے میں پٹنہ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کو کہا ۔
بنچ نے عرضی گزار کماری انیتا کی جانب سے اس معاملے میں پٹنہ ہائی کورٹ میں پہلے اپنی شکایت درج کرنے کا آپشن نہ اپنانے پر اپنا اعتراض ظاہر کیا۔
جسٹس شرما کی سربراہی والی بنچ نے کہا "ہائی کورٹ سے رجوع کیے بغیر، آپ اسے قصوروار ٹھہرا رہے ہیں۔ براہ کرم وہاں (ہائی کورٹ) جائیں”۔
عدالت عظمیٰ کے اس موقف کے بعد درخواست گزار نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی جسے قبول کر لیا گیا۔ بنچ نے اپنے حکم میں کہا ‘‘موجودہ عرضی کو واپس لینے کے طور پر خارج کر دیا گیا ہے ۔
اس درخواست میں مونگیر کے ضلع الیکشن افسر ڈاکٹر اونیش کمار سنگھ کو تمام انتظامی ذمہ داریوں سے فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دینے کی اپیل کرتے ہوئے الزام لگایا گیا ہے کہ مسٹر سنگھ نے ریاست (بہار) کی حکمراں جماعت کے اشارے پر کئی پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ کراکے ووٹنگ میں بے ضابطگیاں کی ہیں۔