سرینگر//
چیف سیکریٹری ‘ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج جموںوکشمیر پبلک سروس کمیشن ‘ جے اینڈ کے سروس سلیکشن بورڈ ، جے اینڈ کے پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ اور جے اینڈ کے بینک سے کی جانے والی بھرتیوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ اَفسران نے شرکت کی ۔
میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ تمام ریکروٹنگ ایجنسیوں میں جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے ایک شفاف بھرتی عمل کے ذریعے مختلف محکمانہ اَسامیوں پر سب سے زیادہ اُمید واروں کو بھرتی کیا ہے ۔مالی برس۲۲۔۲۰۲۱ میں بھرتیوں کا اعداد و شمار۹۳۹۰ ہے۔
سال ۲۲۔۲۰۲۱ء کے دوران مجمو عی طور پر کُل۱۱ہزار۴۳۴ بھرتیاں کی گئیں جن میں بالترتیب جے اینڈ کے سروس سلیکشن بورڈ ، جے اینڈ کے پبلک سروس کمیشن اور جے اینڈ کے بینک سے۹۳۹۰‘۵۶۱؍اور۱۴۸۳سلیکشن شامل ہیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ جے اینڈ کے ایس ایس بی نے۹۳۹۰؍ اُمید واروں کا اِنتخاب کر کے اَپنے قیام کے بعد سے ۲۲۔۲۰۲۱ء میں اَب تک کی سب سے زیادہ بھرتی عمل میں لائی ہے ۔
اِس سے قبل جے اینڈ کے سروس سلیکشن بورڈ نے۲۰۰۹؍ اور۲۰۱۵ میں بالترتیب۸۵۸۰؍اور۸۱۱۵؍ اُمید واروں کو بھرتی کیا تھا۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ۲۰۔۲۰۱۹؍اور ۲۱۔۲۰۲۰ء کے دوران بورڈ کی طرف سے۳۶۸۷؍اور۱۴۴۷ بھرتیاںعمل میں لائی گئیں۔
چیف سیکریٹری نے تمام ریکروٹنگ ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ مختلف محکموں کی طرف سے ریفر کئے جانے والے مختلف اَسامیوں کے لئے اہل اُمید واروں کے اِنتخاب کے لئے شفاف اور جواب دہ بھرتی کے عمل کو یقینی بنائیں جو کہ حالیہ بھرتیوں کی امتیازی خصوصیت ہے ، سب کو یکساں مواقع فراہم کرنا اور میرٹ کو اِنتخاب کا واحد معیار قرار دیناہے۔اُنہیں مختلف سرکاری دفاتر میں اِنسانی وسائل کی ضرورت کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے مقرروقت میں متعلقہ بھرتی مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔