سرینگر//
وسطی ضلع بڈگام کے سر مجر بیروہ علاقے میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں رہائشی مکان اور گاو خانہ خاکستر ہوا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق وسطی ضلع بڈگام کے سر مجر بیروہ علاقے میں پیر کی دو پہر آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً رہائشی مکان اور گاو خانے کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں رہائشی مکان اور گاو خانہ خاکستر ہوا ہے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بعد دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب بیروہ کے سر مجر علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی خبر ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔انہوں نے کہاکہ آگ کی اس واردات میں رہائشی مکان اور گاو خانہ خاکستر ہوا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔
ادھرجموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے جنگلات میں بھیانک آتشزدگی سے سرسبز سونے کو نقصان پہنچا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کی شام راجوری کے کئی جنگلی علاقوں میں آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک وسیع علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔
ذرائع نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں سرسبز سونے کو نقصان پہنچا ہے ۔
حکام کے مطابق راجوری کے دلوگر اور بھتونی جنگلی علاقوں میں آگ لگی ہے اور اس کو بجھانے کی خاطر عملہ کام میں لگا ہوا ہے ۔