سرینگر//
سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے ) نے منگل کی صبح جنوبی کشمیر کے تین مختلف اضلاع میں گیارہ مقامات پر چھاپے مارے ۔
یہ چھاپے بجبہاڑہ میں ایک غیر مقامی شہری کی ہلاکت کے کیس کے سلسلے میں مارے گئے ۔
ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایس آئی اے نے منگل کی صبح جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، کولگام اور شوپیاں اضلاع میں گیارہ مقامات پر چھاپے مارے ۔
ترجمان نے کہا کہ یہ چھاپے پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۴/۸۷میں جاری تحقیقات کے سلسلے میں مارے گئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیس جبلی پوٹا بجبہاڑہ میں۱۷؍اپریل۲۰۲۴کو ایک غیر مقامی دکاندار راجہ شاہ کے قتل سے متعلق ہے تاکہ اس قتل کے پیچھے بڑی مجرمانہ سازش کا پتہ لگایا جاسکے ۔
ترجمان نے مزید کہا کہ تلاشی کارروائیوں کے دوران کئی اشیا بشمول موبائل فون، الیکٹرانک چیزیں اور تحقیقات سے متعلق دستاویزات ضبط کئے گئے ہیں جنہیں فورنسک جانچ کے لئے بھیج دیا جائے گا۔