نئی دہلی// عام آدمی پارٹی (آپ) نے کہا ہے کہ آمریت کے اس تاریک دور میں سپریم کورٹ نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو عبوری ضمانت دے کر روشنی کی شمع روشن کی ہے ۔
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر گوپال رائے نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سپریم کورٹ نے اس ملک، آئین اور جمہوریت سے محبت کرنے والوں کے دلوں میں امید کی کرن جگائی ہے ۔ پوری پارٹی اور ملک کے عوام کی جانب سے ہم سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آمریت کے اس تاریک دور میں سپریم کورٹ نے مسٹر کیجریوال کو عبوری ضمانت دے کر روشنی کی شمع روشن کی ہے ۔ یہ سچائی کی جیت ہے ، کیونکہ بغیر کسی ثبوت اور کسی ایف آئی آر کی بنیاد پر مسٹر کیجریوال کو اچانک گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا گیا ہے ۔
آپ کے لیڈر نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لئے چلائی جا رہی مہم مسٹر کیجریوال کی عبوری ضمانت کی منظوری سے مزید مضبوط ہوگی۔
آپ کے لیڈر اور دہلی حکومت کی وزیر آتیشی سنگھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے نے ملک میں آئین اور جمہوریت کی جیت کا نشان لگایا ہے ۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سپریم کورٹ نے بحران کے وقت آگے آکر اپنا فیصلہ سنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور آئین کو تباہ کرنے والی آمرانہ حکومت اپنے انجام کو پہنچے گی۔
آپ کے لیڈر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ مرکز کی پوری مشینری مسٹر کیجریوال کو جیل میں رکھنا چاہتی تھی، لیکن ان کی عبوری ضمانت ملنا کسی معجزے سے کم نہیں ہے ۔
پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا "سپریم کورٹ کا شکریہ۔ اب ہم جمہوریت کو بچانے کی جنگ مزید جوش و خروش سے لڑیں گے ۔ اروند کیجریوال ایک شخص نہیں ہیں، وہ ایک آئیڈیا ہیں اور اب ہم اس آئیڈیا کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔ "انقلاب زندہ باد”
قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں مسٹر کیجریوال کو آج یکم جون تک عبوری ضمانت دے دی ہے ۔