کھنہ/لدھیانہ//شرومنی اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل نے جمعرات کو کہا کہ عام آدمی پارٹی کے دور اقتدار میں لا اینڈ آرڈر کی خرابی اور گینگسٹر کلچر نے پنجاب کی صنعت کو برباد کر دیا ہے اور اعلان کیا کہ اکالی دل کے اقتدار میں آنے پر حکومت غنڈوں کا صفایا کرے گی اور ریاست میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول بنائے گی۔
ایس اے ڈی کے صدر نے پارٹی امیدوار رنجیت سنگھ ڈھلون کی حمایت میں مہم چلانے کے ساتھ ساتھ فتح گڑھ صاحب کے امیدوار بکرم جیت سنگھ خالصہ کی حمایت میں کھنہ میں پنجاب بچاؤ یاترا کی قیادت کرنے کے علاوہ یہاں صنعتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ‘‘یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ گھریلو صنعت کار پنجاب چھوڑ رہے ہیں اور اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے صنعت کاروں نے پہلے ہی 20 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری دوسری ریاستوں میں کر رکھی ہے ، جو ریاست کی معیشت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے ۔
مسٹر بادل نے کہا کہ اس صورتحال کے لئے اے اے پی حکومت اور وزیر اعلی بھگونت مان پوری طرح سے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا، "صنعت کاروں نے مجھے بتایا کہ ان کے بہت سے ساتھیوں نے جبرآ وصولی کی رقم دینا مناسب سمجھا کیونکہ ریاستی حکومت غنڈوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے ۔”
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ صنعت کاروں نے انہیں بتایا کہ انہیں اے اے پی حکومت کی طرف سے ایک بھی رعایت نہیں ملی ہے اور اس کے علاوہ ان کے بجلی کے بلوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے ان کا کاروبار ناقابل عمل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض صنعتکاروں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں خام مال کی فراہمی میں مسائل کا سامنا ہے کیونکہ موجودہ حالات سے نمٹنے انہیں پریشانیوں کا سامنا ہے ۔
پنجاب میں سرمایہ کاری کے بگڑتے ماحول کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اکالی دل کے صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی گینگسٹر کلچر اور منشیات کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے ۔ اکالی دل دونوں مسائل پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پچھلی اکالی حکومت کے دوران قائم کیا گیا پنجاب انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ کو بحال کیا جائے گا اور ریاست کو سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام بنانے کے لیے سرمایہ کاروں کو مناسب رعایتیں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صنعتی کاروبار کی حوصلہ افزائی کے لیے نئی پالیسی بنائی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ صنعت کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
مسٹر بادل نے کہا، "یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ تمام قومی پارٹیاں یہ بتانے کے بجائے کہ وہ کاروبار اور صنعت، کسانوں اور عام آدمی کے لیے کیا کریں گی، مذہب اور ذات پات کی بنیاد پر ملک کو تقسیم کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔”
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتخابات میں حصہ لینے والی تمام جماعتوں کی ساکھ کے ساتھ ساتھ ماضی کے ٹریک ریکارڈ کو بھی چیک کریں۔