لکھنؤ//) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں سیزن میں اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) منگل کو یہاں ایکانا گراؤنڈ میں اترے گی تو ٹیم کے ہر رکن کا ارادہ کمزور نظر آرہی ممبئی انڈینز کے خلاف ایک بڑی جیت حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی ہو گی۔
لکھنؤ کو ابھی پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے پانچ میچ کھیلنے ہیں، جن میں سے اگلے دو میچ اس کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جائیں گے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کے ایل راہل کی ٹیم کوئی کسر چھوڑنا نہیں چاہے گی۔ ممبئی نے موجودہ سیزن میں نو میں سے صرف تین میچ جیتے ہیں جبکہ چھ میں اسے شکست ہوئی ہے جبکہ لکھنؤ نے نو میں سے پانچ میچ جیتے ہیں اور دس پوائنٹس کے ساتھ پلے آف کی دوڑ میں برقرار ہے۔
آئی پی ایل کے ماضی کے ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو کے ایل راہل کی ٹیم ممبئی سے زیادہ بھاری نظر آرہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے چار میچوں میں ایل ایس جی نے تین میں فتح حاصل کی ہے۔ پچھلے سیزن میں لکھنؤ نے اسی میدان پر ممبئی کے خلاف پانچ رنز سے دلچسپ حاصل کی تھی۔
لکھنؤ کی بلے بازی کی طاقت، کپتان کے ایل راہل کی شاندار فارم کے علاوہ مارکس اسٹائنس اور نکولس پوران ہیں، جن کی بلے بازی میں تسلسل برقرار ہے۔ کل کے بڑے میچ میں کے ایل راہل اپنے پارٹنر کوئنٹن ڈی کاک سے اچھی شروعات کی امید رکھیں گے، جب کہ مڈل آرڈر میں دیوی دت پاڈیکل کو ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
اگر ہم بالنگ ڈپارٹمنٹ پر نظر ڈالیں تو رفتار کے سوداگر مینک یادو کا کل کے میچ میں بھی کھیلنا مشکوک ہے۔ ان کی غیر موجودگی میں، یش ٹھاکر، اویس خان اور محسن خان کے علاوہ، پہلے کی طرح، کپتان کے پاس روی وشنوئی اور تجربہ کار امت مشرا کے متبادل ہوں گے۔ امت مشرا کا ممبئی کے ہٹ مین روہت شرما کے خلاف ریکارڈ کافی متاثر کن ہے۔ انہوں نے روہت کو ٹی 20 کرکٹ میں سات بار آؤٹ کیا ہے۔ روہت انہیں کھیلنے میں خود کو بہت بے چینی محسوس کرتے ہیں۔ مشرا ممبئی کے نئے کپتان ہاردک پانڈیا کے لیے بھی پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں۔
لکھنؤ کی ٹیم نے ممبئی کے لیے تیزی سے رنز بنانے کی صلاحیت رکھنے والے سوریہ کمار یادو کو روکنے کے لیے حکمت عملی بنائی ہوگی، جب کہ لکھنؤ کے بلے باز بوم بوم بمراہ کو صبر اور سمجھ بوجھ سے کھیلنا ہوگا۔ تاہم، بمراہ کے خلاف لکھنؤ کے کپتان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے اور اس کو دیکھتے ہوئے پہلے پاور پلے میں دھوم دھڑاکا دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ اگر لکھنؤ کے پاس مدھیہ پردیش کے مہلک اسپنر امت مشرا ہیں تو ممبئی کے پاس اتر پردیش کے تجربہ کار اسپنر پیوش چاولہ ہیں، جو اپنی آبائی ریاست میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بے تاب ہوں گے اور لکھنؤ کے بلے بازوں کو ان سے محتاط رہنا ہوگا۔
لکھنؤ کا موسم شام 5 بجے تک کافی گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم کرکٹ کے دیوانے تماشائیوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں اور شاید اسی لیے شام ساڑھے 7 بجے شروع ہونے والے اس ہائی پروفائل میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ اور شائقین اپنے پسندیدہ اسٹار روہت شرما ، ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ کو میدان میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔