سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ بارہ مولہ میں شراب کی دکان پر ہوئے گرینیڈ حملے میں ملوث لشکر طیبہ سے وابستہ چار جنگجو اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
آئی جی کشمیر وجے کمار کے مطابق گرفتار شدگان کے قبضے سے۲۳گرینیڈ، پانچ پستول اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بارہ مولہ کے دیوان باغ علاقے میں منگل کی شام کو شراب کی دکان پر ہوئے گرینیڈ حملے میں ملوث چار لشکر جنگجو اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرینیڈ حملے کے بعدکئی افراد کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا جبکہ آس پاس علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی کھنگالا گیا جس کے بعد پولیس نے ضلع کے کئی علاقوں میں چھاپہ ماری کی ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے گرینیڈ حملے میں ملوث لشکر طیبہ کے چار سرگرم جنگجووں اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا۔
دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بارہ مولہ گرینیڈ حملے میں ملوث ملی ٹینٹ ماڈیول کا پردہ فاش کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چار لشکر جنگجو اور اُن کے ایک ساتھی کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
کمار نے بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے پانچ پستول‘۲۳گرینیڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ ملی ٹینٹ ماڈیول کئی تخریبی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہے ہیں اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔
اس دوران ایس ایس پی بارہ مولہ ‘رئیس محمد بٹ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ منگل کی شام کو دیوان باغ بارہ مولہ میں شراب کی ایک دکان پر گرینیڈ حملے کے بعد پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کے بعد ہمیں کچھ سراغ ملے ۔
رئیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار ایک برقع پوش نے شراب کی دکان کے اندر گرینیڈ پھینکا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ ٹیکنیکی اور ہیومن انٹیلی جنس کو بروئے کا ر لا کر پولیس نے چند مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اُن سے پوچھ تاچھ کی جس دوران پولیس کو کچھ اہم سراغ ملے ۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جس دوران پتہ چلا کہ گرینیڈ حملے میں لشکر طیبہ کے جنگجو ملوث ہیں، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ضلع بھر میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران لشکر طیبہ /ٹی آر ایف سے وابستہ چار جنگجووں اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا۔
رئیس کے مطابق گرینیڈ حملے میں ملوث چار جنگجو اور ایک اعانت کار کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے قبضے سے پانچ پستول‘ نو پستول میگزین‘۲۰۵پستول گولیوں کے راونڈ‘۲۳گرینیڈس‘ ایک ٹفن بکس آئی ای ڈی اورکچھ موبائیل فون بھی ضبط کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حملے کیلئے استعمال میں لائی گئی موٹر سائیکل کو بھی برآمد کیا گیا جبکہ اس حوالے سے مزید گرفتاریاں متوقع ہے ۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں کی سخت محنت کے نتیجے میں ہی گرینیڈ حملے میں ملوث ملی ٹینٹ ماڈیول کا پردہ فاش کیا گیا ۔