سرینگر//
محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے پرنسپل سکریٹری‘ نوین چودھری نے جمعرات کو حکم دیا کہ جموں و کشمیر کے محکمہ صحت میں تبادلوں کیلئے کوئی سیاسی حوالہ نہ دیا جائے۔
ایک حکم میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں حکومت کے پرنسپل سکریٹری، محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن نے ۱۷ مئی۲۰۲۲ کو لیا تھا۔
اجلاس میں بتایا گیاکہ کچھ میڈیکل آفیسرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف مختلف سیاسی اور معززین سے اپنے تبادلوں اور تعیناتیوں کیلئے سفارشات حاصل کرتے ہیں۔
حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ اسے بہت سنجیدگی سے دیکھا گیا ہے کیونکہ یہ سروس کنڈکٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ اس کے علاوہ یہ محکمہ کے کام کاج میں بے جا مداخلت کا سبب بنتا ہے اور یہ ۲۰۱۷ کے جی اے ڈی کے ایک جاری کردہ سرکیولربتاریخ۲ فروری۲۰۱۷ کی ہدایات کی بھی خلاف ورزی ہے۔
لہٰذا محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام محکموں کے سربراہان کو حکم دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے ماتحت کام کرنے والے تمام افسران/اہلکاروں پر زور دیں کہ وہ سیاسی یا کسی دوسرے کی طرف سے کوئی سفارش نہ لائیں۔
حکم میں کہا گیا ہے ’’ یہ واضح کرنے کی ضرورت ہے کہ ایسی سفارشات تادیبی کارروائی کو راغب کریں گی۔ تاہم اگر کوئی مجبوری حالات ہے جو کسی افسر/ اہلکار کے تبادلے کی ضمانت دیتے ہیں، تو اس معاملے کو انتظامی محکمے کے علم میں مناسب چینل کے ذریعے لایا جائے گا۔‘‘