ممبئی//ہندوستان کے سابق کوچ روی شاستری کاماننا ہے کہ وراٹ کوہلی کی قسمت ان کا ساتھ نہیں دے رہی ہے لیکن انہیں بے خوف ہوکر کھیلنے کی ضرورت ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو ہندی کے پری میچ شو ‘ٹی-20 ٹائم آؤٹ ہندی’ میں شاستری نے کوہلی کی بلے بازی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا، "اگر وراٹ کوہلی اوپننگ کرنے آتے ہیں تو انہیں بے خوف ہو کر کھیلنا چاہیے۔ انہیں کہیں سے بھی دباؤ میں نہیں کھیلناہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ان کی قسمت بھی کافی عرصے سے ان کے ساتھ نہیں ہے۔
کوہلی نے آئی پی ایل 2022 میں 19.66 کی اوسط سے 236 رنز بنائے ہیں جس میں صرف ایک نصف سنچری شامل ہے۔ اس دوران وہ تین بار بغیر کوئی اسکور بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے علاوہ اس سیزن میں جس طرح سے وہ آؤٹ ہو رہے ہیں، اس سے یہ واضح طورپر نظر آتا ہے کہ کہیں نہ کہیں ان کی قسمت ان کے ساتھ نہیں ہے۔ دو بار وہ رن آؤٹ ہوئے ہیں اور دو بار گیند بلے سے ٹکرانے کے بعد ان کے جسم پر لگی اورکسی فیلڈر کے ہاتھ میں چلی گئی ہے۔
شاستری نے کہا، ‘کوہلی کو یہ سوچنا چاہیے کہ ‘میں محنت کر رہا ہوں، میں ان تمام کاموں کو کر رہا ہوں جو ایک کھلاڑی کے لیے ضروری ہیں، اس کے باوجود مجھے اچھے رن نہیں مل رہے ہیں لیکن یہ ہر روز نہیں ہوسکتا۔’ کوہلی کے پاس ایک نہ ایک دن ایک موقع آئے گااور جب وہ موقع آئے گا، انہیں دونوں ہاتھوں سے اسے لپکناہوگا۔ اس لیے انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کوہلی کویہ سوچنا چاہیے کہ وہ ایک اچھے کھلاڑی ہیں۔ کہیں تو وہ پوری دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، جس دن وہ چل گئے اس دن رن ضرور آئیں گے۔
اس کے علاوہ شاستری نے کہا ’’میں چاہتا ہوں کہ اس سال کسی نئی ٹیم کو آئی پی ایل کا خطاب ملنا چاہیے۔ اسی وجہ سے گزشتہ روز بنگلور کی ٹیم نے گجرات کو شکست دی۔ اس کے لیے انہیں مثبت رویہ کے ساتھ جرات مندانہ کرکٹ کھیلنی چاہیے۔