ڈوڈہ//
ضلع ڈوڈہ کے سب ڈویڑن ٹھاٹھری کے علاقے پھگوگو کے خان پورہ میں ہفتہ کی شام پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں ایک خاتون سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔
یہ حادثہ شام ۷ بجکر۱۵بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک ماروتی سوزوکی ایکو گاڑی ٹھاٹھری سے کراہوا پھگو جا رہی تھی۔
تفصیلات بتاتے ہوئے عہدیداروں نے بتایا کہ ماروتی ایکو گاڑی خان پورہ میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے۔
پانچ افراد کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ)ٹھاٹھری میں مردہ قرار دیا گیا تھا جبکہ چار دیگر کو خصوصی علاج کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ڈوڈہ ریفر کیا گیا ۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ۲۸ سالہ مختیار احمد ولد عبدالغنی ساکن بنڈوگا،محمد عامر کی۴سالہ بیٹی ‘ ریاض احمد ولد عبدالغنی ساکن پھگسو، ارینا بیگم زوجہ صدام حسین اورمحمد رفیع ولد عبدالرحمٰنساکنہ پھگسو کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمیوں میں ۲۸سالہ محمد عامر ولد محمد شفیع ساکن پھگسو‘۱۰سالہ بچی‘۸ سالہ بچی اور ۲۴سالہ سفیان شیخ ولد بشیر احمد شامل ہیں۔مزید زخمی ہونے والوں کی شناخت صائمہ بیگم کے نام سے ہوئی ہے جو محمد عامر کی اہلیہ ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوری بعد مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ زخمی مریضوں کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال ٹھاٹھری منتقل کیا گیا جہاں سے شدید زخمی مریضوں کو مزید علاج کے لئے جی ایم سی ڈوڈا ریفر کردیا گیا۔
ڈوڈہ ضلع میں حادثات کی شرح بہت زیادہ ہے اور ان حادثات کی وجہ سے سیکڑوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ حادثے کی وجہ سڑک کی خراب حالت سے لے کر تیز رفتاری سے ڈرائیونگ اور مناسب روڈ سیفٹی آلات کی عدم دستیابی تک مختلف ہوتی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے ڈوڈہ سڑک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ایک تعزیتی پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’آج پھگسو، ڈوڈہ میں پیش آنے والے بدقسمت سڑک حادثے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر مجھے گہرا دکھ اور صدمہ پہنچا ہے۔ میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتا ہوں۔ میں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ متاثرہ افراد کو قواعد کے مطابق تمام ضروری مدد فراہم کی جائے۔‘‘
دریں اثنا ڈوڈہ میں پیش آئے حادثے پر سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں نے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔