سرینگر//
منشیات فروشوں کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ اوڑی میں ایک بد نام زمانہ منشیات فروش کی لاکھوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔
مذکورہ منشیات فروش کی شناخت آزاد احمد میر ولد عبدالعزیز میر ساکن درد کوٹ اوڑی کے طور کی گئی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ پولیس نے آزاد احمد میر ولد عبدالعزیز میر ساکن درد کوٹ اوڑی نامی ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد قریب ۳۰لاکھ روپے مالیت کا دو منزلہ رہائشی مکان قرق کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ۱۹۸۵کے متعلقہ دفعات کے تحت انجام دی گئی اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اوڑی میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۱/۲۲۲درج ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ کولگام پولیس کی طرف سے تحقیقات کے دوران اس جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے ۔
ان کا کہنا تھا’’یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کی طرف سے نشہ آور اور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی۔‘‘
اس دوران پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
پولیس نے یہ کارروائی مجاز اتھارٹی سے با قاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد عمل میں لائی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ مجاز اتھارٹی سے با قاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد پولیس نے ارشاد احمد وانی ولد غلام رسول وانی ساکن پنڈت پورہ بالا ٹنگمرگ اور محمد تجمل مسعودی ولد بدر الدین مسعودی ساکن باغندر پانپور نامی دو بد نام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ دونوں منشیات فوشوں کو گرفتار کرکے سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں بند رکھا گیا ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ منشیات فروشوں کے خلاف کئی مقدمے درج تھے اور یہ دونوں سولندہ، کھائی پورہ، ٹنگمرگ اور ضلع کے دوسرے علاقوں میں نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے اور منشیات کے کاروبار کو فروغ دینے میں ملوث تھے ۔
ترجمان نے کہا کہ کئی مقدموں میں ملوث ہونے کے با وجود یہ دونوں اپنی حرکات سے باز نہیں آئے اور منشیات کی سپلائی میں لگاتار ملوث رہے ۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے دو مہینوں کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت۳۹مقدمے درج کرکے۶۲منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کی زائد از ایک کروڑ روپے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط کیا ہے ۔