جموں//
بی جے پی کے سینئر لیڈر کویندر گپتا نے ہفتے کے روز کہاکہ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کو فوج کے خلاف بیان دینے سے گریز کرنا چاہئے ۔
گپتا نے کہاکہ فوج لوگوں کو یونیفارم سیول کوڈ کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا چاہتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر کویندرگپتا نے کہاکہ فوج کو یکساں سیول کوڈ کے فوائد کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کا پورا حق حاصل ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمر عبداللہ مذہب کے نام پر لوگوں کو اکسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بی جے پی لیڈرنے کہاکہ یہ سب کو معلوم ہوا ہے کہ فوج نے کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے اور یہاں کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر ہمیشہ کام کیا ہے ۔ان کے مطابق سال۲۰۱۴میں تباہ کن سیلاب کے دوران فوج نے اپنی جانوں کو جوکھم میں ڈال کرلوگوں کی جان بچائی ۔
گپتا نے مزید بتایا کہ عمر عبداللہ کو فوج کے خلاف بیان دینے سے گریز کرنا چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ فوج کی جانب سے یکساں سیول کوڈ پر ایک سمینار منعقد کرنے کا پروگرام بنایا گیا تھا تاکہ عام لوگوں کو اس قانون کے بارے میں جانکاری فراہم کی جاسکے تاہم نیشنل کانفرنس نے اس پر بھی سیاست کی۔
بتادیں کہ فوج کی طرف سے کشمیر یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں لیگل جانکاری کے موضوع پر۲۶مارچ کو ایک سمینار منعقد ہونے والا تھا تاہم نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی جانب سے اس پر اعتراض جتانے کے بعد اس پروگرام کو منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔