نئی دہلی// ہندوستان کی معروف ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنی بھارتی ایئرٹیل نے مارچ میں ختم ہونے والی چوتھی سہ ماہی میں 2008 کروڑ روپے کا مجموعی منافع کمایا ہے۔ مارچ 2021 کی اسی مدت میں کمائے گئے 759 کروڑ روپے کے منافع کے مقابلے میں یہ 164.4 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے بعد یہاں جاری مالیاتی اکاؤنٹنگ میں کہا کہ مالی سال 2021-22 کی اس آخری سہ ماہی میں اس کی کل آمدنی 31500 کروڑ روپے رہی ہے، جو مارچ 2021 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کی کل آمدنی 25747 کروڑ روپے کے مقابلے میں 22.3 فیصد زیادہ ہے۔ اس نے کہا کہ مالی سال 2021-22 میں ان کا مجموعی منافع 4265 کروڑ روپے رہا ہے جبکہ مالی سال 2020-21 میں انہیں 15084 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ مارچ 2022 کو ختم ہونے والے مالی سال میں کمپنی کی کل آمدنی 116547 کروڑ روپے رہی ہے، جو پچھلے مالی سال کے 100616 کروڑ روپے کے مقابلے میں 15.8 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی نے کہا کہ دسمبر 2021 میں ہندوستان میں اس کے صارفین کی تعداد 35.58 کروڑ تھی، جو مارچ 2022 میں 1.1 فیصد بڑھ کر 35.99 کروڑ روپے پہنچ گئی، جو مارچ 2021 کے 35.03 کروڑ کے مقابلے میں 2.7 فیصد زیادہ ہے۔ دنیا کے 16 ممالک میں خدمات انجام دینے والی اس کمپنی کے کل صارفین کی تعداد مارچ 2021 میں 471.3 کروڑ تھی جو مارچ 2022 میں 4.2 فیصد بڑھ کر 49.12 کروڑ پہنچ گئی۔