ممبئی// ایڑی کی سرجری سے صحت یاب ہونے والے ممبئی انڈینس کے بلے باز سوریہ کمار یادو کی فٹنس پر شبہ برقرار ہے۔ انھیں ابھی تک بی سی سی آئی کے طبی عملے سے کلیئرنس نہیں ملا ہے۔اسی وجہ سے انہیں گجرات ٹائٹنز کے خلاف پہلے میچ سے باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔
ممبئی کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر نے کہا کہ سوریہ کمار بی سی سی آئی کے طبی عملے سے کلیئرنس حاصل نہیں کر پائے ہیں۔ تاہم وہ ممبئی کے دو پریکٹس میچوں کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اس کے بعد ممبئی کی ٹیم اپنے پہلے میچ کے لیے احمد آباد روانہ ہوگی۔
باؤچر نے پریس کانفرنس میں کہا، “سوریہ کی فٹ نیس کی دیکھ ریکھ بی سی سی آئی بھی کررہی ہے اور ہمیں ان سے اپ ڈیٹس کی ضرورت ہے۔ ہمارے پاس عالمی معیار کی میڈیکل ٹیم بھی ہے، جو اس سب کا خیال رکھتی ہے۔ تمام ٹیمیں فٹنس مسائل کا شکار ہیں اور ان کے کچھ اہم کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر ہو رہے ہیں۔ مجھے اپنی میڈیکل ٹیم پر اعتماد ہے کہ وہ اچھا کام کر رہی ہیں ۔ "ہمیں صرف صحیح راستے پر چلنا ہے اور صحیح متبادل تلاش کرنا ہے۔”
سوریہ کمار نے اپنا آخری میچ گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا جہاں انہوں نے 56 گیندوں میں شاندار سنچری اسکور کی تھی۔ اس کے بعد انہیں اسپورٹس ہرنیا اور ایڑی کی سرجری کرانی پڑی جس کی وجہ سے وہ جنوری میں افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔