سرینگر/13 مارچ
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹ کے ذریعے بی جے پی کو کرارا جواب دیں۔
محبوبہ نے بی جے پیر الزام لگاتے ہوئے کہا”بی جے پی نے ملک میں لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کے لئے ہر نسخہ آزمایا اور اب شہریت ترمیمی قانون لایا گیا تاکہ مسلمان سڑکوں پر آجائیں“۔
سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
محبوبہ نے کہا”گذشتہ دس برسوں کے دوران بی جے پی حکومت ملک میں بے روز گاری، بے روزگاری کی وجہ سے نوجوانوں کی خود کشیاں، کسانوں کا حال، مہنگائی وغیرہ جیسی ناکامیوں سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کےلئے بہت کوششیں کر رہی ہے “۔
پی ڈی پی کی سربراہ کا کہنا تھا”بی جے پی نے ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینے کےلئے تمام نسخے آزمائے تاکہ مسلمان سڑکوں پر آجائیں اور اب وہ شہریت ترمیمی قانون لے کر آئے ہیں“۔
محبوبہ نے ہندو اور مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس جال میں نہ پھنسیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی سب سے زیادہ خوبصورت چیزیں ہماری جمہوریت اور ہمارا آئین ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے بھی لوگوں کے حق میں آتے ہیں اور کمیونٹی کے سینئر لوگوں نے بھی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے ۔انہوں نے کہا”یہاں کوئی بھی قانون مذہب کے نام پر نہیں بنایا جاسکتا ہے اور شہریت ترمیمی قانون مسلمانوں کو نشنانہ بنانے کا قانون ہے “۔
سابق وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے بی جے پی کا جواب دیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا”جموں وکشمیر خاص کر وادی کشمیر ماحولیاتی لحاظ سے کافی حساس ہے ، ہماری معیشت کا انحصار فروٹ انڈسٹری پر ہے ، لہذا ریلوے لائن بچھانے کے لئے درختوں کی بے دریغ کٹائی سے احتراز کیا جانا چاہئے اور اس سلسلے میں ماہرین کی رائے حاصل کی جانی چاہئے “۔
محبوبہ نے کہا”اترا کھنڈ کی مثال ہمارے سامنے موجود ہے ہمیں جموں وکشمیر کو اترا کھنڈ نہیں بننے دیا جانا چاہئے ۔“