سرینگر/۱۲مارچ
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز کچھ گھنٹوں تک متاثر رہنے کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر ، جموں قومی شاہراہ پر ڈھلواس کے مقام پر ٹریفک بحال کر دیا گیا ہے ۔
ٹریفک پولیس نے کہا”ڈھلواس پر سڑک کی سطح خراب ہونے اور سنگل لین کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل سست ہے “۔انہوں نے لوگوں سے لین ڈسپلین پر عمل کرنے اور اوور ٹیکنگ سے احتراز کرنے کی تاکید کی۔
قبل ازیں جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر ڈھلواس کے مقام پر سڑک کی سطح کو بہتر بنانے کے لئے مٹی کو ہٹایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے ۔انہوں نے لوگوں سے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کو کہا ہے ۔
دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ اور سرینگر، لیہہ شاہراہ پر ٹریفک مسلسل بند ہے ۔